ہانگ کانگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل عالمی امن کے پائیدار قیام کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہی ہے۔ ڈاکٹر حسین قادری

ہانگ کانگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 6 جنوری 2016 سے ہانگ کانگ کے دورے پر ہیں۔ 8 جنوری کو انہوں نے ہانگ کانگ کی مسجد ’جامع مسجد کولون‘ میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اجتماع میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و کارکنان سمیت افریقہ، مڈل ایسٹ، یورپ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مسلمان شریک تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اردو اور انگلش زبان میں خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قرآنِ مجید کی سورۃ العصر کی تفسیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سورہ میں اللہ رب العزت نے خسارہ اٹھانے والوں اور اس خسارہ سے نجات پانے والوں کا ذکر فرمایا ہے۔ خسارہ پاکر فنا ہو جانے والے ابوجہل اور اس کے پیروکار جبکہ خسارے سے بچ کر بقا حاصل کرنے والے حضرت ابوبکر صدیق، عمرِ فاروق، عثمانِ غنی، حیدرِ کرار رضوان اللہ علیہم اجمعین اور ان کی اتباع کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خسارے سے بچنے کے لئے لازم ہے کہ بندہ اپنی جان و مال اور عزت و آبرو، حتیٰ کہ ہر چیز سے بڑھ کر آقائے دو جہاں صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرے اور اعمالِ صالحہ کا ذخیرہ کرے۔ حق و باطل میں فرق سمجھنے اور حق کے ساتھ کھڑا ہونے والے اور راہِ حق میں پیش آمدہ مصائب و مشکلات پر صبر کرنے والے ہی اسلام کی نظر میں کامیاب ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ایک عالمی برائی ہے، اسے صرف بندوق کے زور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، اس کیلئے نوجوان نسل کی فکری اصلاح اور ہر سطح پر پڑھائے جانیوالے نصاب کی ایک ایک سطر پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کے پائیدار قیام کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہی ہے۔

نمازِ جمعہ کے بعد اجتماعِ جمعہ کے شرکاء نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 10 جنوری کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر ہانگ کانگ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران و کارکنان سے ملاقات کرینگے اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top