رانا ثناء اللہ 21 افراد کا ہی نہیں، ماڈل ٹاؤن کے 14 شہیدوں کا بھی قاتل ہے، خرم نواز گنڈا پور

وزیر قانون شکن پی ٹی آئی فیصل آباد کے کارکن حق نواز کا بھی قاتل ہے
چودھری شیر علی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے قریبی عزیز ہیں، تحقیقات کیوں نہیں کی جا رہیں ؟
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹر ی جنرل کا چودھری شیر علی کے بیان پر تبصرہ

لاہور (9 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مسلم لیگ ن کے رہنماء چودھری شیر علی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری شیر علی ن لیگ کے وفاقی وزیر عابد شیر علی کے والد، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے قریبی عزیز ہیں، اگر انہوں نے رانا ثناء اللہ پر جھوٹا الزام لگایا ہے تو ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی اور اگر انہوں نے سچ کہا ہے تو حکومت رانا ثناء اللہ کے خلاف تحقیقات کیوں نہیں کرتی۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ رانا ثناء اللہ وزیر قانون نہیں بلکہ وزیر قانون شکن ہیں۔ وہ 21 افراد کا نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہیدوں اور پی ٹی آئی فیصل آباد کے کارکن حق نواز کا قاتل بھی ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ حکمرانوں نے پولیس اور دیگر تمام اداروں کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے، اسی لئے انصاف کا مسلسل قتل ہو رہا ہے۔ عدالتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سوچنا ہو گا کہ اب تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے اپنے گھر کے لوگ اور بھیدی لنکا ڈھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں زیر حراست پولیس کے اپنے اہلکار بھی کہہ رہے ہیں کہ انکو ماڈل ٹاؤن سانحہ میں ایک سازش کے تحت ملوث کیا جا رہا ہے تا کہ اصل مجرموں کو بچایا جا سکے اور حقائق منظر عام پر نہ آسکیں۔ پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد جاری رکھے گی اور وہ دن دور نہیں کہ جب بے گناہوں کے قاتل سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top