راولپنڈی: ویمن امن کانفرنس ’محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن و رحمت‘
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ’’محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر امن و رحمت‘‘ کانفرنس 10 جنوری 2016ء کو راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔ امن کانفرنس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، چیف آرگنائزر عوامی تحریک میجر (ر) محمد سعید، شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئر(ر) محمدمشتاق نے خصوصی شرکت کی جبکہ امن کانفرنس سے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، راضیہ نوید، جینیفرجگ جیون، اینا مولن، ناہیدہ راجپوت نے خطاب کیا۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔
ڈاکٹرحسن محی الدین قادری منہاج القرآن وومن لیگ کےزیرِاہتمام راولپنڈی میں منعقدہ رسولِ رحمت کانفرنس سےخطاب کررہے ہیں pic.twitter.com/LoEBJthD9A
— Dr. Hassan Qadri (@DrHassanQadri) January 10, 2016
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن، نا اہلی اور بیڈ گورننس نے پاکستان کو دہشتگردوں کی جنت بنایا، دنیا بھر کے مسلم سکالرز سر جوڑ کو بیٹھیں اور غور و فکر کریں کہ مسلمان دہشتگردی کا خام مال کیوں ہیں؟ ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن 34 سال سے انتہا پسندی کے خلاف لڑ رہے ہیں، ضرب عضب کی 100 فی صد کامیابی کیلئے ضرب علم و امن ناگزیر ہے جس کا آغاز کر دیا۔ آبادی کے 50 فی صد خواتین کو ترقی کے دھارے سے الگ رکھ کر خوشحالی اور امن کا کوئی ہدف حاصل نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ تحریک منہاج ا لقرآن انتہا پسندی اور جہالت کے خلاف لڑنے والی سب سے بڑی تحریک ہے مگر منہاج القرآن کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، اس کے 14 کارکنوں کو شہید اور 85 کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا، نا صرف بے گناہوں کا خون بہایا گیا بلکہ انصاف کے حق سے بھی محروم رکھا گیا، مگر ان تمام تر مظالم اور قربانیوں کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردی اور ظلم کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔
ویمن لیگ کی مرکزی صدر محترمہ فرح ناز نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت، جہالت اور استحصال جیسے عناصر دہشت گردی کو فروغ دیتے ہیں۔ لہذا پسماندہ علاقوں میں ترقی، اچھی تعلیم اور روزگار کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور فرقہ واریت پھیلانے والے علماء اور مدارس کے ساتھ سختی سے نبٹا جائے۔ قومی ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عمل کیا جائے۔ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلا کردہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی تشکیل دی جائے اور ابہام سے پاک قانون سازی کی جائے تاکہ سول اور فوجی عدالتیں جلد سزائیں دے سکیں اور کوئی دہشت گرد قانونی پیچیدگیوں کی بناء پر رہا نہ ہونے پائے۔
راضیہ نوید نے کہا کہ جملہ مذاہب کے بانیان اور پیغمبران کرام کی گستاخی کو کسی طور پر آزادی اظہار نہیں قرار دیا جاسکتا اسے عالمی جرم قرار دیا جائے۔
کرسچئین سٹڈی سینٹر پاکستان کی ڈائریکٹر جینیفر جگ جیون اور کرسچیئن نیشنل ایسوسی ایشن پاکستان کی نمائندہ اینا مولن نے اپنے خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی بارے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے مسلم اور مسیحی دنیا کے درمیان فاصلے ختم کرانے اور ایک دوسرے کے قریب لانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی ناظمہ محترمہ ناہیدہ راجپوت نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر میں ہر سال بچوں کا غذائی قلت کے سبب مر جانا سندھ کے حکمرانوں کیلئے معمول کا واقعہ ہے کیونکہ غریب کی بسمہ بے شک مر جائے مگر امیر کا بھٹو تو زندہ ہے۔ یہی حال پنجاب کے شہزادوں کا ہے، ہسپتالوں کو چند لاکھ کے انکوبیٹرز نہیں دینے مگر اربوں کی میٹرو ضرور بنانی ہے۔ امیر کو نوازنے اور غریب کو محروم رکھنے والی حکومتی پالیسیاں پاکستان میں داعش کو اپنے پاؤں جمانے کا موقع دے رہی ہیں۔
تبصرہ