پاکستان ایسوسی ایشن آف ہانگ کانگ کا ڈاکٹر حسین محی الدین کے اعزاز میں عشائیہ
ہانگ کانگ: پاکستان ایسوسی ایشن آف ہانگ کانگ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں 8 جنوری 2016 کو پاکستان ایسوسی ایشن کلب میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے علاوہ منہاج ایشین کونسل کے سیکرٹری جنرل امجد نیاز، منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے سرپرست محمد سکندر باچہ، صدر حاجی محمد نجیب، پاکستانی قونصلیٹ سے نواب علی، اشفاق بھٹی، طاہر محمود اور محمدعامر، بورڈ آف ٹرسٹیز ہانگ کانگ کے چیئرمین حاجی قمر زمان منہاس، پاکستان ٹریڈز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری افتخار حسین، پاکستان تحریکِ انصاف ہانگ کانگ کے صدر چوہدری محمد الیاس سمیت پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
عشائیہ کا آغاز قاری صابر حسین صابری کی تلاوتِ قرآنِ مجید اور عمان سے مہمان نعت خوان غلام مرتضیٰ قادری کی نعت سے ہوا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عشائیہ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نئے فتنے جنم لے رہے ہیں اور برائی نت نئے طریقوں سے ارتقاء پذیر ہے، جس کے خاتمہ کے لیے نئے انداز کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ہر محاذ پر برائی، ظلم، تشدد، ناانصافی، کرپشن، لاقانونیت، دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خاتمے کے لیے مصروفِ جہاد ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے پاکستان کے حالات اور مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کا حل پرامن انقلاب میں ہے۔ انہوں نے عشائیہ کے شرکاء کی طرف سے کیے گئے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
تبصرہ