ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سالانہ میلاد مصطفی (ص) کانفرنس
اوسلو: منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیرِاہتمام 02 جنوری 2016 کو منہاج اسلامک سنٹر اوسلو میں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر اعجاز احمد وڑائچ اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے ڈائریکٹر علامہ یاسر نسیم قادری کے خصوصی شرکت کی، جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان سمیت ناروے کے مختلف شہروں سے کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز قرآن مجید کی آیات کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت قاری عبدالرحمن نے حاصل کی، جبکہ منہاج نعت کونسل ناروے کے ہارون قیوم، یاسین سعید اور معروف نعت خواں حافظ عبدالقادر قادری نوشاہی (یو کے) نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول پیش کیے۔ نقابت کے فرائض قیصر محمود نے سرانجام دئیے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر اعجاز احمد وڑائچ نے میلاد مصطفیٰ کانفرنس میں شریک ہونے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہِ میلاد میں منہاج القرآن ناروے کے مرکز اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی بلڈنگز کی تزئین و آرائش کی جاتی ہے اور انہیں شایانِ شان طریقے سے سجایا جاتا ہے۔ ہفتہ کو محافل ذکر و نعت کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے منہاج القران ناروے کی سرگرمیوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بہترین کارکردگی پیش کرنے والے فورمز کو مبارکباد دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری حیات المیر خان نے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر نارویحن زبان میں گفتگو کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ کے ڈائریکٹر علامہ یاسر نسیم قادری نے میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف محسن اسلام ہی نہیں بلکہ آپ عالم انسانیت کے لیئے باعث افتخار اور محسن بشریت ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ظہور سے ظلمت کدہ، مرکز مہرو وفا بن گیا۔ عشق رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہی اتحاد و یگانگت کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل عشق رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پیغام کو عام کر رہی ہے۔
میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے اختتام پر صلوٰۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور ملک ملت کی خوشحالی کی دعا کی گئی اور شرکاء کی ضیافتِ میلاد سے تواضع کی گئی۔
رپورٹ: قیصر محمود، سیکرٹری انفارمیشن منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے
تبصرہ