علما کرام کا فریضہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری قدروں کا فروغ ہے، سید ہدایت رسول قادری

ڈاکٹر طاہرالقادری نے تنگ نظری اور انتہا پسندی کے خلاف دلیل کی طاقت سے فتح حاصل کی
دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

فیصل آباد(22 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے علماء کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان نسل کا مذہب پر اعتماد بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ علمائے کرام قول و فعل کے تضاد کو ختم کریں۔ تحریک منہاج القرآن نے پوری دنیا میں علم کے کلچر کو عام کیا ہے اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کے عالمگیر فروغ پر محنت کی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے امت مسلمہ کے وکیل ہونے کا حق ادا کر دیا ہے، آج انکی فکر کو پوری دنیا میں اس لئے مقبولیت مل رہی ہے کہ انہوں نے امت مسلمہ کو متحد کرنے کیلئے انتہائی اہم کر دار ادا کیا ہے۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف انہوں نے دلیل کی طاقت سے فتح حاصل کی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کو فروغ دینا علماء کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہدایت رسول قادری نے کہاکہ علما کرام کا فریضہ معاشرے میں مثبت اور تعمیری قدروں کا فروغ ہے۔ مطالعہ اور تحقیق کے عمل سے اعلیٰ کردار جنم لیتا ہے، مگر معاشرے کی غالب اکثریت نے اس سے منہ موڑ لیا ہے، جس سے تنگ نظری اور دہشت گردی جنم لے رہی ہے، انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ درس نظامی کے نصاب کو اپ ڈیٹ کیا جائے اور اسے معاشرے کے جدید رجحانات کے مطابق ڈھالا جائے۔ درس نظامی کے نصاب کو ترتیب دیتے ہوئے تقلید کے ساتھ اجتہادی سوچ کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ علماء ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن نصاب کامطالعہ ضرور کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top