عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے میں ناکام حکمران اقتدار چھوڑ دیں: عوامی تحریک
ایک سال میں 9 ہزار گاڑیوں کی چوری لاقانونیت کی بدترین مثال ہے
کباڑی مارکیٹیں لاہور کا علاقہ غیر بن چکیں، پولیس کے بغیر جرم نہیں ہو سکتا: بشارت
جسپال
لاہور (23 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ جو حکومت عوام کے جان و مال کو تحفظ نہیں دے سکتی اس اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ سال 2015 ء میں صرف لاہور سے اڑھائی ارب مالیت کی 9 ہزار سے زائد گاڑیوں کی چوری لاء اینڈ آرڈر اور لاقانونیت کی بدترین مثال ہے۔ لگتا ہے حکمران سمجھتے ہیں کہ میٹرو بسوں اور اورنج ٹرین کے بعد شہریوں کو گاڑیوں کی ضرورت نہیں ہے، اسی لیے ڈکیت گینگز کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، راجہ ندیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ پشاور کی باڑہ مارکیٹیں ویران جبکہ کباڑی مارکیٹیں لاہور کا علاقہ غیر بن چکی ہیں۔ 9 ہزار گاڑیوں کی چوری کی رپورٹ ہوشربا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری کی گاڑیوں کا سنگین جرائم اور دہشتگردی سے تعلق ہے۔ قومی ایکشن پلان کی روشنی میں لا انفورسمنٹ ایجنسیوں اور اداروں نے اپنے حصے کا کام نیک نیتی سے کیا ہوتا تو جرائم کی شرح میں کمی ہوتی مگر ایسا نہیں ہوا۔ چوری اس کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ کوئی جرم پولیس کی سرپرستی کے بغیر تسلسل کے ساتھ نہیں ہو سکتا، افسوس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے نام پر ہر سال 100 ارب کا بجٹ استعمال کرنے والی پنجاب پولیس، ڈکیت گینگز کو پکڑنے میں ناکام ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب کو ٹھیکیداری سے فرصت ملے تو عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے پر بھی توجہ مرکوز کریں۔
تبصرہ