گلگت بلتستان کو پانچواں آئینی صوبہ قرار دیا جائے: ڈاکٹر حسن محی الدین

جی بی سے آئے 30 رکنی طلبہ وفد کی ڈاکٹر حسن محی الدین سے تفصیلی ملاقات
گندم کا کوٹہ بحال، راہداری منصوبے کے فوائد میں شامل کیا جائے: طلبہ

لاہور (24 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما و منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پانچواں آئینی صوبہ قرار دیا جائے اور گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے محب وطن نوجوانوں کو گھر کی دہلیز پر روزگار دیا جائے اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان کیلئے گندم کے کوٹے میں کمی کا انسان دشمن فیصلہ واپس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان سے آئے ہوئے 40رکنی طلبہ کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گلگت بلتستان سے آئے ہوئے طلبہ ایم ایس ایم منہاج القرآن کے تربیتی ونٹر کیمپ میں ایک ماہ قیام کرینگے، اس دوران وہ بنیادی دینی علوم، انگلش سپوکن کے ساتھ ساتھ مختلف کمپیوٹر کورسز کرینگے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ ادارہ منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری امن، علم اور تحقیق کے پیاسوں کے میزبان ہیں، منہاج القرآن تعلیم اور امن کے فروغ اور اسلام کے پر امن تشخص کو اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت کے خاتمہ انصاف اور عدل کے قیام سے ہم پاکستان کو امن کا حقیقی گہوراہ بنائینگے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن کے زیراہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے تعلیم و تربیت کا خصوصی اہتمام کر رہے ہیں اور طلبہ کی تربیت دینے کی استعداد کار میں اضافہ کرینگے۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ تنویر خان، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، قاضی فیض الاسلام، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور عاصم انقلابی بھی موجود تھے۔

جی بی کے طلبہ نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ پاک چائنا اکنامک کوریڈور میں جی بی کے عوام کیلئے کیا فوائد ہیں؟ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے گزشتہ الیکشن میں جی بی کے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ہم ان پر عمل کے منتظر ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں پاکستانی سمجھا جائے، گندم کا کوٹہ بحال اور روزگار کے مواقع میں اضافہ اور مزید یونیورسٹیاں قائم کی جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top