وکلاء برادری ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوائے: ڈاکٹر حسن محی الدین
ریاستی طاقت کے نشے میں مست حکمران انسانی حقوق پامال کر رہے
ہیں، وکلاء رہنماؤں سے خطاب
ڈاکٹر طاہرالقادری 18کروڑ عوام کے آئینی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں
لاہور (26 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنماء و منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے مرکزی سیکرٹریٹ میں وکلاء رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی طاقت کے نشے میں بد مست حکمران انسانی حقوق پامال کر رہے ہیں، عدالتوں پر حملے کرنے والے حکمران ظلم کے نظام کو پروان چڑھا رہے ہیں، فوری انصاف کی فراہمی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے وکلاء غریب عوام کی امید ہیں، اجلاس میں انوار اختر ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، محمد ناصر ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، اشتیاق چودہری ایڈووکیٹ، ملک یاسر ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ آمرانہ طرز حکومت اور جمہوریت کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کا عملی کردار پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ وکلاء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ آئیندہ کیلئے کوئی بھی حکمران ریاستی اداروں کو اپنے ذاتی سیاسی ایجنڈے کیلئے استعمال نہ کر سکے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کو انصاف دلوانے کیلئے عدالتوں میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کا دکھ ہے کہ پولیس کے ادارے کو سیاست زدہ کرنے والے حکمران اپنے ماتحت کام کرنے والی دہشتگردی کی عدالتوں کو آئین و قانون کے مطابق کردار کی ادائیگی سے روک رہے ہیں، اس حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے بڑھ کر اور ظلم کیا ہو گا کہ 14بے گناہوں کے قتل میں شہداء کے ورثاء اور گواہوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ کوئی بھی معاشرہ کفر پر تو قائم رہ سکتا ہے مگر ظلم پر نہیں۔ موجودہ حکمران ظلم کر رہے ہیں، شہریوں کے سیاسی، معاشی، سماجی، آئینی حقوق پامال کر رہے ہیں، دہشت گردی، انتہا پسندی کی ایک اہم وجہ حکمرانوں کی بیڈ گورننس اور ظلم پر مبنی طرز حکومت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 18کروڑ عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کیلئے قربانیاں دیں اور اپنی جدوجہد میں انہوں نے کسی بھی مرحلہ پر قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔ اپنے 14 بے گناہ کارکنوں کی شہادت پر بھی صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا مگر افسوس دہشتگردوں کے ہمدرد حکمران انصاف کے راستے کا پتھر بنے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہاکہ ظالموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی بجائے ڈاکٹر طاہرالقادری اور انکے ساتھیوں کو آئے روز اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے ذریعے انکا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی ایک قاتل کو بھی سزا نہیں ملی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن انصاف کے بول بالا، انتہا پسندی کے خاتمہ اور با مقصد تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن اور خوشحال معاشرہ کی تشکیل کیلئے وکلاء اور عدلیہ کا اہم کردار ہے، بار اور بنچ انصاف کے اداروں کو دہشت پسند حکمرانوں کے تسلط سے بچائیں تاکہ ہر مظلوم کو بلا روک ٹوک انصاف مل سکے جو فی الوقت نہیں مل رہا۔
تبصرہ