جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سالانہ میلاد النبی (ص) کانفرنس

کوگا: منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیرِاہتمام 19 دسمبر 2015 کو اِبراکی کین، کوگاشی میں سالانہ میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت منہاج ایشین کونسل کے صدر علی عمران کر رہے تھے۔ کانفرنس میں جامع مسجد المصطفیٰ ناگویا کے خطیب حافظ عبدالمصطفیٰ انعم، یاشیو مسجد کے خطیب مفتی محمد رضوان یوسفی، اصغر علی بھنڈر، محمد وسیم خان، حاجی محمد وارث، رانا محمد عامر، عبدالغنی آرائیں، سائیں وسیم شیرو، محمد رفیع سمیت ٹوکیو، ناگویا، جیبا کین، سائنا ما کین، اباراکی کین اور گما کین سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان اور عہدیداران شریک تھے۔

میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی، جبکہ محمد ثاقب الرحمٰن، محمد جاوید سجن اور محمد کامران نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

کانفرنس سے مفتی محمد رضوان یوسفی، معاذ اعجاز اور منہاج القرآن جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے خطاب کیا۔ علامہ شکیل احمد ثانی نے میلادالنبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہماری تربیت اس نہج پر کی ہے کہ ہمیشہ حق بات کہنا اور اللہ رب العزت کی ربوبیت کے ساتھ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت و رفعت کا بیان کرنا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا پیغام محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاوّل اس محسن اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشریف آوری کا مہینہ ہے جس کی عظمت و احترام سے ہمارے قلوب ہر لحظہ معمور ہیں اور ہمارے دلوں کی ہر دھڑکن رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم و توقیر کی ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تذکرے اور یاد میں زندگی کے جتنے لمحات گذر جائیں وہ سعادت اور ذریعہٴ نجاتِ آخرت ہیں۔

رپورٹ: سید ثاقب گیلانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top