عوامی تحریک نے کرپشن سے متعلق ٹرانسپرنسی رپورٹ کو ’’سپانسرڈ‘‘ قرار دے دیا

5 سوارب کے گردشی قرضہ کی ادائیگی موجودہ دور کی سب سے بڑی کرپشن ہے: مرکزی میڈیا سیل
میٹرو بس لاہور کی خوردبرد چھپانے کیلئے ایل ڈی پلازا کو آگ لگوائی گئی: رپورٹ میں دعویٰ
نیب اورنج لائن، نندی پور اور یوتھ فیسٹیول کرپشن کی فائلیں سینے سے لگا کر کیوں بیٹھا ہے؟

لاہور (28 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک نے حکومت کو کرپشن میں کمی کی کلین چٹ دینے والی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو من گھڑت اور سپانسرڈ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ گردشی قرضوں کی مد میں 500 ارب کی متنازعہ ادائیگی موجودہ دور حکومت کی سب سے بڑی کرپشن ہے، حیرت ہے اس بدعنوانی کو ٹرانسپرنسی نے نظر انداز کر دیا۔ موجودہ حکمرانوں نے میگا کرپشن کے 150 کیسز، 200 ارب ڈالر کے سوئس اکاؤنٹس کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کی، کرپشن میں کمی کی خبر سرکاری نیوز ایجنسی سے چلوائی گئی، سب جانتے ہیں ٹرانسپرنسی والے وزیراعظم ہاؤس کی نوکری کرتے ہیں۔

رپورٹ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی طرف سے جاری کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈیفالٹر کی حیثیت سے الیکشن لڑنے والے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے کرپشن کنٹرول کرنے کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیب والے ہر روز ڈاکٹر عاصم کی کرپشن کی کہانیاں بیان کرتے ہیں مگر میٹرو بس، نندی پور پاور پلانٹ، پنجاب یوتھ فیسٹیول اور پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم کی کرپشن کی فائلیں سینے سے لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ پولیس، ریونیو اور محکمہ تعلیم میں کرپشن بڑھی، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پی سی ون کے بغیر میگا منصوبوں کا اجراء کرپشن کی بدترین مثالیں ہیں۔ 200 ارب کا اورنج لائن منصوبہ بھی پی سی ون کے بغیر شروع کیا گیا جس پر لاہور کے عوام اور سول سوسائٹی سراپا احتجاج ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اورنج لائن منصوبہ پی سی ون اور نقشہ کے بغیر جاری و ساری ہے اور اس کا اصل ریکارڈ چھپایا جارہا ہے، اس منصوبے کے حوالے سے عدالت کے فلور پر سچ بولنے کی پاداش میں ایک اٹارنی جنرل سے استعفیٰ لے لیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کی 2014,15 کی آڈٹ رپورٹ آج بھی سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں سرکاری محکموں نے 5 ہزار ملین کی بے ضابطگیاں کیں۔ سستی روٹی، فوڈ سپورٹ پروگرام، دانش سکول اور گرین ٹریکٹر سکیم کے منصوبوں کی کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مگر نیب کو اس کرپشن پر کام کرنے کی فرصت ہی میسر نہیں ہے۔

عوامی تحریک نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک چین اکنامک کارویڈور میں ایشیا کی سب سے بڑی کرپشن ہورہی ہے، اسی لیے وفاقی حکومت نے جملہ دستاویزات، نقشے، معاہدے چھپا رکھے ہیں، میٹرو بس لاہور کی کرپشن چھپانے کیلئے ایل ڈی اے پلازہ کو آگ لگا کر ریکارڈ تلف کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کے خلاف 70 دن کا دھرنا اور 14 جانوں کی قربانی دی۔ یہ قربانیاں ضائع نہیں جائینگی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top