’’شیر‘‘ بجلی، گیس کھانے کے بعد تعلیم اور اساتذہ کے پیچھے پڑگیا: فرح ناز

لاہور (28 جنوری 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ’’ شیر‘‘ آٹا، بجلی، گیس کھانے کے بعد اب تعلیمی اداروں، اساتذہ اور پی آئی اے کے پیچھے پڑ گیا، دھرنوں کی مخالفت کرنے والوں نے ظالم حکمرانوں کے ہاتھ مضبوط کیے، ایسے تمام لیڈر خونخوار شیر کی مدد کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، حکمران اپنی تجوریاں بھررہے ہیں، انہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، انکے ترقیاتی منصوبے غریبوں کیلئے معاشی موت بن گئے ہیں۔ عوام گیس و بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث ذہنی مریض بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن لیگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فرح ناز نے کہا کہ میٹرو بسوں اور اورنج ٹرین منصوبے نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ تاجروں کی دوکانیں تباہ کر کے قوم کو بے روزگاری کی دلدل میں دھکیلا جا رہاہے۔ نالائق حکمرانوں کی نااہلیوں کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے، ملکی وسائل کو حکمران طبقہ بے دردی سے لوٹ رہا ہے۔ اس موقع پر راضیہ نوید، طاہرہ خان، عائشہ شبیر، گلشن ارشاد، افنان بابر، زینب ارشد، کلثوم جاوید، انیلہ الیاس و دیگر عہدیدارا خواتین موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ حکمران ڈاکٹر طاہرالقادری کی جان کے دشمن اس لئے بنے ہوئے ہیں کہ وہ غریب کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کیلئے دھرنے دئیے تھے، دھرنوں کی مخالفت کرنے والے ملک و قوم کے حقیقی دشمن ہیں، دھرنے کے خلاف سازشیں نہ ہوتیں تو آج ملک و قوم کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی نااہلی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ صحت کے شعبے میں حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے پنجاب میں کبھی ڈینگی کا حملہ ہوتا ہے تو کبھی سوائن فلو کا، عوام کو نہ تو روزگار میسر ہے اور نہ ہی صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولتیں۔ موجودہ حکمران عوام پر عذاب کی صورت مسلط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک یہ قاتل اور ظالم حکمران اقتدار میں رہیں گے عام آدمی کو انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ حکمرانوں اور انکو اقتدار میں لانے والے نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا ورنہ یہ کالے ناگ کی صورت ملک و قوم کو ڈستے رہیں گے۔

فرح ناز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے میگا خونی منصوبے عوام کی جانیں لے رہے ہیں، درجنوں قیمتی جانیں میٹرو اور اورنج ٹرین کی نظر ہو چکی ہیں جسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکمران تعلیم کو پرائیوٹائز کرنے کے منصبوے بنا رہے ہیں۔ تعلیم عوام کا بنیادی حق ہے اور اسکی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے مگر حکمرانوں کی نااہلیوں نے ملک میں نظام تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ نجکاری سے تعلیمی نظام تباہ ہو جائے گا اور غریب کی پہنچ سے دور ہو جائیگا، حکمران آٹا، بجلی، گیس کھانے کے بعد اب تعلیم کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top