پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی سے ریلیف کے منتظر عوام کو دکھ پہنچا: عوامی تحریک

لاہور (30 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کا ہنگامی اجلاس چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپے کی معمولی کمی کو عوام کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ کمی کے اس اعلان سے واضح ریلیف کے منتظر عوام کو ذہنی دکھ پہنچا۔ پٹرول کی قیمتوں میں 30 روپے لیٹر کمی کی جائے، اجلاس میں شریک رہنماؤں نے وزیراعظم کی طرف سے آلو کی فی کلو قیمت سے لاعلمی پر کہا کہ وزیراعظم کسی اور سیارے کی مخلوق ہیں ورنہ انہیں غریب کی خوراک آلو، سبزی کی قیمتوں کا علم ہوتا، اجلاس میں سینئر رہنماؤں جی ایم ملک، احمد نواز انجم، راجہ زاہد، تنویر خان، ساجد بھٹی، شہزاد نقوی، مظہر علوی، حافظ غلام فرید، حاجی اسحاق، انجینئر ثناءاللہ، عرفان یوسف، افنان بابر و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ تاریخی ورثہ کے دشمن اورنج لائن منصوبہ کا ٹریک بدلا جائے اس منصوبہ کے باعث قومی ورثہ اور پاکستان کے عالمی تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے، میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ کے حوالے سے صوبہ کے 10 کروڑ عوام ایک طرف اور ایک شخص کی ضد اور ہٹ دھرمی ایک طرف ہے۔ انہوں نے کہا اس منصوبہ کی زد میں آنے والے غریب خاندانوں، تاجروں اور دکانداروں کو معاوضہ ادا نہ کر کے دہشتگردی کی جارہی ہے۔

جی ایم ملک نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کے گلے کاٹنے والے سفاک حکمرانوں کے نزدیک قومی ورثہ اور عمارتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں سے عوام بے گھر اور بیروزگار ہورہے ہیں۔ کمیشن اور کک بیکس میں اندھے حکمرانوں کو اولیائے اللہ کے مزارات نظر آرہے ہیں اور نہ نسل در نسل رہنے والے غریب خاندانوں کے چھوٹے چھوٹے گھر۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top