واہ کینٹ: آفتاب احمد اور حافظ انوار کی وفات پر تحریک منہاج القرآن کا تعزیتی پروگرام

آستانہ عالیہ گھمگول شریف کے خلیفہ مجاز آفتاب احمد اور تحریک منہاج القرآن کے جانثار کارکن علامہ حافظ انوار احمد کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے ایصال ثواب کے لیے تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ نے تعزیتی محفل کا انعقاد کیا۔ محفل جامع مسجد نورانی 7F انوار چوک، واہ کینٹ میں منعقد کی گئی تھی جس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان سمیت مختلف سکالرز، قراء، نعت خوان، مشائخ عظام، علمائے کرام اور معززینِ علاقہ شریک تھے۔

تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے راہنما اور تعزیتی پرگرام کے میزبان علامہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد ارشد نے مرحومین کی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں شخصیات تحریک منہاج القرآن کے عظیم وابستگان میں شمار ہوتی تھیں۔ آستانہ عالیہ گھمگول شریف کے خلیفہ مجاز آفتاب احمد کی کوششوں سے تحریک منہاج القرآن کے سکالرز نے بارہا دربارِ عالیہ گھمگول شریف پر عرس کے موقع پر خطاب کا شرف حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حافظ انوار احمد منہاج القرآن علماء کونسل واہ کینٹ کے بانیان میں سے تھے۔ مرحومین روحانیت، اخلاقِ حسنہ اور پراثر مزاج میں کمال رکھتے تھے۔ دونوں بہترین علم کے مالک ہونے کے باوجود تکبر و غرور سے کوسوں دور تھے۔

تعزیتی پروگرام کے شرکاء سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی نورانی مسجد کے خطیب علامہ قاضی عبدالوحید نے کہا کہ آفتاب احمد اور علامہ حافظ انوار احمد دونوں، صوفئ باصفا، فقیر منش اور عظیم روحانی شخصیات کے مالک ہونے کے باوجود عجز و نیاز کے پیکر تھے۔ انہوں نے اپنی زندگیاں خدمتِ خلق اور خدمتِ دین کے لیے وقف کررکھی تھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top