جنوبی ایشیاء میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں: سید ہدایت رسول
فیصل آباد (05 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ بداعمال حکمران، قتل و غارت گری، دہشتگردی اور خوف و ہراس عذاب کی شکل اختیار کیے ہوئے ہیں، جنوبی ایشیاء میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور سازش کے تحت پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسلامی نظام معیشت میں کوئی بھوکا رہ سکتا ہے نہ ملک مقروض ہوسکتا ہے مگر مغربی سرمایہ دارانہ معاشی نظام کے محافظ حکمرانوں نے امت مسلمہ کے ہر فرد کو قرضوں کے جال میں جکڑ دیا۔ باصلاحیت افرادی قوت کرشماتی نعمتوں کے باوجود ملک بھوک اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ تھرپارکر سمیت ملک کے کئی شہروں میں بھوک کی فصل اگ رہی ہے، روزانہ معصوم بچے علاج اور خوراک نہ ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں جارہے ہیں، یہ سارے عذاب جو قوم پر مسلط ہیں اجتماعی بداعمالیوں کا نتیجہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ہدایت رسول قادری نے کہا کہ جو حکمران حرص و حوص کا شکار ہو جائیں، غریب سے اس کے بچوں کا نوالہ چھین لیں، بے گناہوں کا قتل عام کریں، وہاں ایسے عذاب آیا ہی کرتے ہیں۔ حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کو شہید کیا، 90 لوگوں کو شدید زخمی کر کے عمر بھر کیلئے معذور بنادیا اور پھر انصاف کے حق سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم پر خاموشی اختیار کرنے والے بھی اللہ کی عدالت میں جوابدہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے جس معاشرے میں ظلم ہو اور یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت اٹھالیتا ہے۔
تبصرہ