ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سفاکیت اور معاشی دہشتگردی ہے، جی ایم ملک
تارکین وطن پاکستان سے محبت کرتے ہیں، آئر لینڈ سے آئے وفد سے گفتگو
لاہور (20 فروری 2016) تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا ہے کہ ادویات بنانے والی کمپنیوں کا حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار موجودہ حکمرانوں پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سفاکیت اور معاشی دہشتگردی ہے۔ ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ نا اہل حکمران عوام کا خون نچوڑنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں آئر لینڈ سے آئے پاکستانی تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر محمد زاہد، سید امجد علی شاہ، سہیل احمد رضا وسیم افضل بھی موجود تھے۔
جی ایم ملک نے کہا کہ وزیر صحت اپنی نااہلی اور نالائقی تسلیم کرنے کی بجائے عوام کو ادویات نہ خریدنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔ صحت، ریلوے، بجلی، خزانے، نجکاری، پٹرولیم سمیت تمام وزارتوں پر نا اہل مسلط ہیں۔ عوام کو سماجی، سیاسی اورا قتصادی انصاف کا نہ ملنا ملک کے مستقبل کیلئے خطرناک ہے۔ جی ایم ملک نے کہا کہ تارکین وطن پاکستان سے محبت کرتے ہیں، دیار غیر میں روزگار کمانے والے پاکستانی ملکی مسائل پر پریشان رہتے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری ملک کو ان مشکل حالات سے نکالنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی صورتحال خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے، سماجی عدم مساوات نے معاشرے کی اقدار کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
تبصرہ