واہ کینٹ: دہشت گردی اور انتہاپسندی کی فکری ونظریاتی بیخ کنی کے لیے ضربِ عضب کے ساتھ ساتھ ضربِ امن وقت کی آواز ہے: پریس کانفرنس

گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بریفنگ دیتے ہوئے تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم نے بتایا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ایک عالمی برائی ہے۔ اسے صرف بندوق کے زور پر ختم نہیں کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے نوجوان نسل کی فکری اور ہر سطح پر پڑھائے جانے والے نصاب کی ایک ایک سطر پر نظر ثانی کی اشد ضرورت ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے پر عزم، درد مند اور محب ِ وطن قیادت کی ضرورت ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کے پائیدار قیام کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کررہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل جو فتوٰی لکھا اس کو دنیا میں بڑی پزیرائی ملی،کئی ملکوں نے اپنے آئین اور قانون میں فتوی کو شامل کیا اور نصابِ امن کے حوالے سے لکھی جانے والی کتابوں کو مدارس، سکول، کالج اور یونیورسٹیز کے نصاب میں پڑھایاجانے لگا ہے۔

پروفیسر عبدالرحیم نے یہ بھی بتایا کہ21 فروری 2016ء کو صبح 10 بجے واہ پیلس میرج ہال میں منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ کے زیراہتمام ایک عظیم الشان میلادِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی لکھی گئی نصاب امن کی تقریبِ رونمائی بھی ہوگی اور 21 فروری 2016ء کو شام مغرب کے بعد واہ پیلس میرج ہال میں تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے موقع پر ضربِ امن کے حوالے سے ورکرکنونشن کا انعقاد بھی کیا گیا ہے جس میں صاحبزادہ حسین محی الدین کا خصوصی خطاب ہوگا اور 65 پاؤنڈ کا کیک کاٹا جائے گا۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر سید گفتار حسین شاہ نے ضربِ امن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا دفاعی محاذوں پر افواج پاکستان دہشت گرد خارجیوں کا مقابلہ کر سکتی ہے لیکن نظریاتی اور فکری محاذوں پر بھی جنگ لڑنے کی اہم ضرورت ہے جس کا ذمہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اٹھالیا ہے کیونکہ ملک دیکھتے ہی دیکھتے چند سالوں میں گلیوں، محلوں، شہر حتی کہ پورا ملک انتہا پسندی کی آگ میں خاکستر ہورہا ہے اور بدقسمتی سے قوم بے حسی اور غفلت کی نیند میں سو رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے بر عکس فروغ امن کے لیے فکری اور عملی جدوجہد شروع کی ہے اسے ضرب ِامن کا نام دیا گیا ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی فکری ونظریاتی بیخ کنی کے لیے ضربِ عضب کے ساتھ ساتھ ضربِ امن وقت کی آواز ہے۔ جس کی کامیابی میں ہی ملک کی سلامتی وبقا ہے۔ ہر فرد کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سپاہی کی حثیت سے فکری محاذ پر عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر سیف اللہ قادری اورمنہاج القرآن ویمن لیگ کی جنرل سیکرٹری نگہت نعیم نے بھی خطاب کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ پریس کانفرنس میں واہ کینٹ کی تمام تنظیمات اورفورم بھی موجود تھے اور حسن ابدال سے حاجی محمد رفیق، ارشد نواز اور ویمن لیگ کی بہنوں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top