پی آئی اے چلانے میں ناکام حکمران نئی ایئر لائن کیسے چلائیں گے: خرم نواز گنڈاپور

نیب کے خلاف بیان سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی، عوامی تحریک کرپشن کے خلاف سڑکوں پر آ سکتی ہے
کمیشن خور حکمران لوٹتے اور کھاتے رہیں گے انہیں روکا نہ گیا تو پورا ملک بک جائے گا
کرپشن پرآنکھیں بند کرنے والی شخصیات اور اداروں کو قوم کو جواب دینا پڑے گا
قومی امن سیمینار میں اہم شخصیات دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تجاویز دیں گی
مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک راولپنڈی اور اسلام آباد کے عہدیداروں سے گفتگو

لاہور (22 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو چلانے میں ناکام حکمران نئی ایئر لائن کیسے چلائیں گے، ایک طرف نجکاری اور دوسری طرف حکمران اپنے کنٹرول میں نئے ادارے قائم کررہے ہیں، قول و فعل کے تضاد والے حکمران اپنے پیاروں کو نوازنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، نئے اداروں کے قیام کامقصد اپنے خاندان اور سیاسی رفقاء میں بندر بانٹ کے سوا کچھ نہیں ہے کرپشن کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری نے مک مکا کے سیاسی نظام کو بہت پہلے بے نقاب کر دیا تھا اب عوام اس کی عملی صورت دیکھ رہے ہیں، نیب کے خلاف بیان سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے جب تک یہ حکمران اور یہ نظام موجودہ رہے گا بڑے مگر مچھوں کا احتساب نہیں ہو گا، عوامی تحریک حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف سڑکوں پر آ سکتی ہے، آنکھیں بند کرنے والی شخصیات اور اداروں کو قوم کو جواب دینا پڑے گا۔ قومی اداروں کو بربادکرنے کیلئے نااہل اور نالائق وزیروں کو اختیارات دے دئیے گئے ہیں، موجودہ فرسودہ نظام نے غریبوں اور نوجوانوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا، کمیشن خور حکمران لوٹتے اور کھاتے رہیں گے انہیں روکا نہ گیا تو پورا ملک بک جائے گا۔ عوام اگر اس نظام کو ٹھوکر مار کر گھروں سے باہر نکل آئیں تو ملک میں خوشحالی کاانقلاب جلد آ جائے گا، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک راولپنڈی اور اسلام آباد کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد، سلطان نعیم کیانی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، سردار منصور احمد خان، غلام علی وی دیگر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ قرض خور، ٹیکس چور، کرپٹ اور ظالم حکومت کا خاتمہ واجب ہو چکا ہے، قاتل حکمرانوں نے عوام کے آئینی حقوق غصب کررکھے ہیں اور سارے وسائل اور اختیارات پر قابض ہیں، کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کے اربوں ڈالر لوٹے ہیں جو ان سے چھین کر واپس لانا ہونگے، خرم نوازگنڈاپور نے کہا حکمران عوام کو بنیادی حقوق نہیں دے رہے جن سے لوگ خودسوزی، مردے کھانے، گردے اور عزتیں فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، حکمرانوں نے نجکاری اور نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ملک کے وسائل لوٹ کر ساری دنیا میں اپنے بزنس ایمپائر بنارکھے ہیں، شریف برادران ملک میں موجود قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی کی بجائے بیرون ممالک کو فروخت کر کے اربوں روپے کمیشن لینے کیلئے سودی بازی کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بڑے ڈاکو آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ چند چوروں کو دکھاوے کیلئے دھراجارہا ہے، موجودہ حکمران بے گناہوں کے قاتل، ٹیکس چور اور قرضہ ہڑپ کرنے والے ہیں، پارلیمنٹ میں غالب اکثریت قوم کے وسائل کھانے والوں کی ہے، عوام کے حقوق سے کھیلنے کا اختیار لینے والے سیاست کو پیشہ سمجھتے ہیں، عوامی تحریک سیاسی شعور کی بیداری کا مشن جاری رکھے گی، خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ 24 فروری کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالے قومی امن سیمینار میں ملک کی سیاسی، مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنما شرکت کرینگے، انہوں نے کہا کہ قومی امن سیمینار میں شرکت کرنے والے سینئر سیاستدان، مذہبی، صحافی اور سماجی رہنما دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تجاویز دینگے، قومی امن سیمینار ملک میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top