جہاں الیکشن ہوتا ہے وہاں حکمران پیکج لے کر پہنچ جاتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

لاہور (25 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جہاں الیکشن ہوتا ہے وہاں حکمران پیکج لے کر پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے مظفر آباد میں وزیر اعظم کی طرف سے ہیلتھ پروگرام کے اجراء پر کہا کہ یہ پری پول رگنگ اور قومی خزانے کا ذاتی اور سیاسی استعمال ہے۔ ہیلتھ پروگرام آزاد کشمیر میں الیکشن سے پہلے کیوں نہیں دیاگیا؟ انتخابی قوانین اور کسی اتھارٹی کا وجود ہوتا تو ووٹوں کی خرید و فروخت ہوتی اور نہ ہی عوامی مینڈیٹ پر کھلے عام ڈاکے ڈلتے۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں بھی 342 ارب کا کسان پیکج آیا، جیسے ہی الیکشن ختم ہوئے کسانوں کے مسائل جوں کے توں رہے مگر پیکج غائب ہو گیا۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک آزاد کشمیر الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی دھاندلی کے خلاف حزب مخالف کی سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ سربراہ عوامی تحریک نے جنوبی پنجاب ملتان میں فاقوں سے مجبور باپ کی طرف سے اپنے ہی بچوں کی جان لینے کے دلخراش واقعہ پر شدید ردعمل میں کہاکہ حکمرانوں کی کرپشن اور نام نہاد میگا منصوبے غربت، بے روزگاری اور خودکشیاں عام کر رہے ہیں۔

پنجاب کے حکمرانوں نے گذشتہ مالی سال میں جنوبی پنجاب میں غربت مکاؤ پروگرام کے تحت صرف 9 ملین کے جو فنڈز رکھے تھے انہیں بھی میٹرو بس لاہور منصوبے پر لگا دیاگیا۔ یہ انکشاف کسی سیاسی مخالف کا نہیں بلکہ یہ رپورٹ خود پنجاب حکومت نے پنجاب اسمبلی میں پیش کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 70منصوبوں کے30 ارب کے فنڈز لاہور میٹرو بس پر خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ 60 فیصد خط غربت سے نیچے رہنے والی غریب آبادی دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور شہنشاہی مزاج رکھنے والے حکمران دو دو سو ارب کے اورنج لائن منصوبے بنانے پر بضد ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں بھوک اور غربت سے مرنے والے بچوں کے قاتل موجودہ حکمران اوریہ اسمبلیاں ہیں۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر کو ہدایت کی کہ خود روزگار سکیم اور خوراک کے پروگراموں میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو زیادہ حصہ دیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top