امریکہ: منہاج القرآن سینٹر نیوجرسی میں قائد ڈے کی پروقار تقریب
نیوجرسی: منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیوجرسی میں 21 فروری 2016 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر قائد ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلامک سینٹر کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج نور اسلامک سینٹر کنیکٹیکٹ کے ڈائریکٹر علامہ سعید الحسن طاہر نے حاصل کی۔ محمد حفیظ قادری کے ہمراہ شرکاء نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا اور شیخ الاسلام کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے کلام پڑھا۔
منہاج القرآن اسلامک سینٹر نیوجرسی کے ڈائریکٹر علامہ محمد شریف کمالوی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام گذشتہ تیس سال سے انتہا پسندی، تنگ نظری اور فرقہ واریت کے خلاف علمی و فکری جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ دہشتگردی و انتہا پسندی کے خلاف ان کے تاریخی فتویٰ کا ایک عالم معترف ہے۔ انتہا پسندانہ تصورات و نظریات کے خلاف اور اسلام کے محبت، امن، رواداری اور عدم تشدد کی تعلیمات پر مبنی شیخ الاسلام کی 100کے قریب کتب منظرعام پر آچکی ہیں۔ معاشرے سے انتہاپسندی اور تنگ نظری کے عفریت کے ہمیشہ کے لئے خاتمے اور معاشرہ کو امن وسلامتی، تحمل و برداشت، رواداری اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کی غرض سے شیخ الاسلام نے مختلف طبقات زندگی کے لئے ’اسلامی نصاب برائے فروغ امن و انسداد دہشت گردی‘ مرتب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں اپنا نیٹ ورک قائم کر چکی ہے اور اسلام کی خدمت کر رہی ہے۔
تقریب میں شیخ الاسلام کی زندگی اور ان کے کام پر کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا اور بچوں میں سالگرہ کے تحائف تقسیم کئے گئے۔
تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ