منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب 3 اپریل کو ہو گی

مورخہ: 11 مارچ 2016ء

20 مسلم، ایک ہندو اور 2 عیسائی جوڑے رشتہ ازدواج میں بندھیں گے
تقریب میں پاکستان کی اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی اور صحافی شخصیات شرکت کرینگی

لاہور (11 مارچ 2016) سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر منہاج ویلفیئر اجتماعی شادیوں کی تقریب 3 اپریل کو ہو گی۔ ہر سال مرکزی سیکرٹریٹ میں شادیوں کی اجتماعی تقریب کا انعقاد ہو تا ہے جس میں غریب، مستحق اور بے سہارا بیٹیوں کو ڈیڑھ لاکھ مالیت کا جہیز دیا جاتا ہے اور دولہا دلہن کے مہمانوں کی کھانے سے تواضع کی جاتی ہے۔ 3 اپریل 2016 ء (اتوار) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے بالمقابل گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں 23 جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ دو ہزار سے زائد مہمانوں کیلئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کا باضابطہ اعلان گزشتہ روز ویلفیئر کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ کی زیر صدارت منعقعدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھایا جاتاہے۔ مسلم جوڑوں کیلئے منہاج القرآن علماء کونسل، مسیحی جوڑوں کیلئے پادری صاحبان اور ہندو جوڑے کیلئے پنڈت کی خدمات لی جائیں گی۔ 3 اپریل کو ہونے والی تقریب میں پاکستان کی اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی اور صحافی شخصیات شرکت کر کے نئے جوڑوں کو دعاؤں میں رخصت کرینگے۔ شادیوں کی تقریب کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں اس حوالے سے اہم اجلاس ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر سید امجد علی شاہ کی صدارت میں ہفتہ کو ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top