لاہور: ماہانہ مجلس ختم صلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و روحانی اجتماع

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مسجد جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں مؤرخہ 2 نومبر 2006ء کو ماہانہ مجلس ختم صلٰوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور روحانی اجتماع منعقد ہوا۔ گوشہء درود و سلام کا یہ پروگرام باقاعدہ طور پر عشاء کی نماز کے بعد شروع ہوا۔ سٹیج پر امیر تحریک مسکین فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، نائب ناظم اعلیٰ سکواڈرن لیڈر (ر) عبدالعزیز، ناظم دعوت رانا محمد ادریس، ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی، ناظم پنجاب احمد نواز انجم اور ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شاہد محمود بیٹھے ہیں۔

قاری محمد ظہیر احمد نے تلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ نعت خواں حضرات نے اپنی خوبصورت آواز میں مدح سرائی کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاضری لگوائی۔ نظامت امورخارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شکیل احمد طاہر نے مخصوص انداز میں ثناء خوانی کر کے حاضرین میں وجد کا ساماں پیدا کیا۔ اس ذوق اور وجد کی کیفیت کو تحریک منہاج القرآن کے معروف نعت خواں محمد سرور صدیق نے بھی آگے بڑھایا۔ انہوں نے اپنے خاص انداز سے نعت پڑھی جس سے حاضرین بھی شریک ہوئے۔ پروگرام میں ناظم تربیت فرحت حسین شاہ کی نقابت اور مختصر انداز خطابت نے بھی جان ڈال دی۔ انہوں نے ذکرِ الٰہی کے فضائل اولیاء اللہ کی نشانیاں اور توبہ و مغفرت کے موضوعات پر مختصر گفتگو کی۔

شب 10:00 بجے بلبل منہاج، حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے گوشہء درود کے منتخب سلام سے حاضرین میں وجد انگیز کیفیت پیدا کر دی۔ محمد افضل نوشاہی نے اپنے نئے البم سے شیخ الاسلام کا ہندی زبان میں نعتیہ کلام "سگری رین تڑپتے گجری" جب پڑھا تو یہ محفل کا روح پرور منظر تھا۔ اس موقع پر حاضرین نے مختلف نعروں کے ساتھ اپنے پسندیدہ نعت خواں کا ساتھ دیا۔ محمد افضل نوشاہی نے دیگر مختلف نعتیں بھی پڑھیں۔ ان کے بعد منہاج نعت کونسل کے اراکین نے مدح سرائی کی۔ یہ محفل کا آخری نعتیہ کلام تھا۔


اس کے بعد ناظم تربیت فرحت حسین شاہ نے ذکر کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے بلند آواز میں ذکرِ الٰہی شروع کروایا۔ ان لمحات میں محفل کا ماحول ایک خاص روحانی کیفیت میں تبدیل ہو چکا تھا۔ بلند آواز کے ساتھ ذکر کا یہ منظر 30 منت تک جاری رہا۔

پروگرام کے آخر میں فرحت حسین شاہ نے رقت آمیز انداز میں اختتامی دعا کروائی۔ اس دعا میں گوشہء درود میں ماہ اکتوبر میں پڑھا جانیوالا درود شریف 3 کروڑ 35 لاکھ 90 ہزار 550 عدد بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں بطور ہدیہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کے آخر میں تحریک منہاج القرآن کی طرف سے شرکاء کے لیے خصوصی طعام کا انتظام بھی تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top