وزیرآباد: درس عرفان القرآن۔ مقصد تخلیق انسانیت
ملک بھر میں جاری دروس عرفان القرآن کے سلسلہ میں گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن دھونکل وزیر آباد کے زیراہتمام درس عرفان القرآن کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں علامہ غلام مرتضیٰ علوی (سینئر نائب ناظم دعوت) نے مقصد تخلیق انسانیت (عبادت خدا اور معرفت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ انسان کی پیدائش کا مقصد اللہ کی عبادت اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان ہے۔ عبادت صرف اللہ ہی کی ہو سکتی ہے جبکہ پہچان صرف حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہو سکتی ہے۔ ذات خدا انسانی عقل وشعور اور ادراک کی وسعتوں سے باہر ہے۔ اگر انسان کو پہچان میسر آ سکتی ہے تو صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی۔ بقول اقبال :
تیر ی معراج کہ تو لوح وقلم تک پہنچا
میری معراج کہ میں تیرے قدم تک پہنچا
کائنات انسانی میں محض حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ ہے جنہوں نے اللہ جل مجدہ کی پہچان اور دیدار کیا ہے بقیہ ساری کائنات حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان اور معرفت کے لئے تخلیق کی گئی ہے۔
تحریک منہاج القرآن دھونکل کے کارکنان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی طالبات کی بھرپور دعوت کے ثمر کی شکل میں کثیر لوگوں نے بھرپور شرکت کی جس میں عورتوں کی تعداد تقریباً 1200 اور مردوں کی تعداد 650 کے قریب تھی۔ مردو خواتین کے پنڈال کی جانب حضور شیخ الاسلام کی کتب اور سی ڈیز اور کیلنڈر کے بہترین سٹال کا انتظام کیاگیا تھا۔ پروگرام میں ساؤنڈ سسٹم کا بھی اعلیٰ انتظام کیاگیا تھا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی محمد نصیر عطاری تھے۔ جن کو شیخ الاسلام کی سی ڈیز اور کتب تحفے میں دی گئیں۔ درس قرآن میں اردگرد کے علاقوں سے بھی لوگوں نے پہلے دن کی نسبت زیادہ تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ