ماحولیاتی آلودگی کی بات اسلام نے 14 سو سال قبل کی، سہیل احمد رضا

مورخہ: 17 مارچ 2016ء

ناروے کی سماجی تنظیم کے زیراہتمام ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سیمینار
اسلامی تعلیمات میں درخت انسانی حیات کی بقاء کا اہم ذریعہ ہیں
ماحولیاتی آلودگی پر قابو پا کر آئندہ نسلوں کو موزی امراض سے بچایا جا سکتا ہے
سہیل احمد رضا نے ریورنڈ آئنر ٹجلے کو ماحولیاتی آلودگی سے متعلق ڈاکٹر حسین محی الدین کی کتاب پیش کی

لاہور (17مارچ2016) ناروے کی سماجی تنظیم کے زیراہتمام ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا۔ جس کی صدارت معروف نارویجن سکالر ڈاکٹر ریورنڈ آئنر ٹیجلے سیکرٹری جنرل چرچ آف ناروے نے کی۔ جبکہ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی بنیاد صفائی، طہارت اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے پر مبنی ہے پیغمبر اسلام حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صفائی کو نصف ایمان قرار دے کر ماحول، معاشرے اور انسانی بدن کی صفائی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اسلامی تعلیمات درخت کو انسانی حیات کی بقاء کا اہم ذریعہ قرار دیتی ہیں۔ قرآن مجید کی مختلف آیات مبارکہ نے زمین پر درختوں کے لگانے اور ان کی نفع بخشی کا ذکر کیا ہے۔ اسلامی تعلیمات نے اصراف سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے پانی کے بے جااستعمال اور دیگر قدرتی وسائل کو ضائع کرنے سے منع کیا ہے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو مسلمان بھی پھلدار درخت لگاتا ہے یا کھیتی باڑی کرتا ہے اس میں سے پرندے، مویشی اور انسان کھاتے ہیں تو یہ اس کی طرف سے اس کے اعمال کا صدقہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور جدید میں صنعتی ترقی کی وجہ سے فضائی آلودگی پر قابو پانا انتہائی اہم ہے۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پا کر آنے والی نسلوں کو موزی امراض سے بچایا جا سکتا ہے سیمینار کے اختتام پر سہیل احمد رضا نے نارویجن سکالر کو صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین ماحولیاتی آلودگی اور اسلامی تعلیمات کے عنوان سے لکھی گئی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top