صوفیاء کی پاکیزہ زندگیوں کی پیروی جہالت اور تنگ نظری کا بہترین علاج ہے، فیض الرحمن درانی

مورخہ: 18 مارچ 2016ء

تعلیمات صوفیاء کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کا شکار ہو رہی ہے
تقریب میں مسجد قدوتہ اولیا کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور محمد خالد رؤف قادری کی دستار بندی کی گئی

لاہور (18 مارچ 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ صوفیاء کرام نے ہمیشہ امن، محبت اور رواداری کا پیغام دیا ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بزرگان دین کی علمی، فکری اور عملی تعلیمات کو اپنانا ہو گا۔ صوفیاء کی پاکیزہ زندگیوں کی پیروی جہالت اور تنگ نظری کا بہترین علاج ہے۔ برصغیر میں صوفیاء نے ہی امن، سلامتی اور بھائی چارے کی بنیاد یں فراہم کی۔ پاکستان بنانے میں مشائخ عظام کی سر پرستی شامل تھی۔ آج ملک کے استحکام کیلئے اخوت، محبت اور بھائی چارے کی ضرورت ہے، صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی دہشتگردی اور انتہا پسندی سے بچانے کا ذریعہ ہیں، تعلیمات صوفیاء کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے قوم دہشتگردی اور انتہا پسندی کا شکار ہو رہی ہے، ملک بچانے اور قیام امن کیلئے تعلیمات صوفیاء پر عمل کرنا ہو گا۔ وہ معروف صوفی بزرگ حضرت بابا محبوب شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطا ب کر رہے تھے۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ صوفیاء کرام نے ہر مشکل موقع پر امت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے، فرقہ بندی، تفرقہ پروری اور تنگ نظری سے بالاتر ہوکر امت کے اتحاد اور اتفاق کیلئے کوشش کرنا صوفیا کا طریق اور موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ علماء اپنی تمام تر توانائیاں دین کی سربلندی کیلئے صرف کریں تاکہ قوم مایوسی کی کیفیت سے نکل سکے، امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے، صالح و باکردار قیادت سے محرومی قوم کے زوال کا بڑا سبب ہے، تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ترویج اسلام، اصلاح احوال امت اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ روشن کررہی ہے۔ علمائے کرام ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تصنیفی، تحقیقی، سیاسی اور فلاحی خدمات کا مطالعہ کر کے قوم کی رہنمائی کریں تاکہ امت زبوں حالی کی کیفیت سے نکل سکے، جلو پارک لاہور میں منعقدہ سالانہ عرس کے بڑے اجتماع کی قیادت صاحبزادہ پیر صوفی ابراہیم نے کی جبکہ پیر صوفی محمد قمر، صاحبزادہ پیر محمد خالد رؤف قادری چشتی، پیر شکوری رؤفی، طاہری سمیت دیگر مشائخ عظام، جید علمائے کرام، قرا اور نعت خواں حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے عرس کے موقع پر مسجد قدوتہ اولیا کا سنگ بنیاد رکھا اور صاحبزادہ محمد خالد رؤف قادری کی دستار بندی بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ خالد رؤف قادری نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا۔ انہوں نے عرس کے موقع پر موجود اپنے ہزاروں مریدین کو تحریک منہاج القرآن اور مصطفوی انقلاب کے مشن میں شامل ہونے کی نصیحت کی۔ پیر خالد رؤف قادری نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت یابی، درازی عمر، عالم اسلام اور پاکستان کے استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top