پاکستان کو خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چلنے والے حکمران چاہئیں : فیض الرحمن درانی

حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دور میں اسلام نظریاتی اور جغرافیائی اعتبار سے پھلا پھولا
آپ رضی اللہ عنہ رضی اللہ عنہ اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کامل نمونہ تھا، اللہ تعالیٰ نے آپ رضی اللہ عنہ کو حضرت محمد مصطفی ؐ کا عکس جمیل بنایا تھا
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام یوم صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب

لاہور (یکم اپریل 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کامل نمونہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عکس جمیل بنایا تھا۔ خلیفہ اول میں دینی اور دنیاوی قیادت کے تمام اوصاف پائے جاتے تھے۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دور میں اسلام نظریاتی اور جغرافیائی اعتبار سے پھلا پھولااللہ تعالیٰ پاکستان کی جان جاہل، نااہل اور نالائق حکمرانوں سے چھڑائے اور اس ملک کو ایسے حکمران عطا فرمائے جو خلفائے راشدین کے نقش قدم پر چلنے والے ہوں۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی شخصیت کا جائزہ لیا جائے تو یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ آپ بے مثال حکمران تھے۔ پیکر صدق و وفا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کئی مرتبہ جنت کی بشارت دی اور عشرہ مبشرہ صحابہ میں بھی آپ کا نام سرفہرست ہے۔ تاریخ اسلام کے اوراق حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی روشن زندگی، فضائل و مناقب سے بھرے پڑے ہیں جن کی ضو فشانی سے قیامت تک آنے والے مسلمان حکمران اور ساری دنیا ہدایت و رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں یوم صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ الحاج امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، مفتی خلیل احمد، علامہ رفیق رندھاوا و دیگر بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے انتہائی مشکل حالات میں نظام خلافت کو سنبھالا، مسائل و مشکلات نے چاروں طرف سے ملت اسلامیہ کو گھیر رکھا تھا۔ ان حالات میں خلیفہ اول نے بڑی جرات، بہادری اور بصیرت کے ساتھ مسائل اور فتنوں کا خاتمہ کیا۔ کفر کی دو بڑی طاقتوں روم اور فارس کو شکست دی۔ سلطنت ملت اسلامیہ کی حدود کو وسیع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں ایسے شاندار کام کیے جن پر تاریخ اسلام کو ناز ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ بچپن میں بھی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رفیق تھے اور جوانی میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رفیق رہے۔ سب سے پہلے اسلام قبول کر کے آپ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رفیق اور دست راست بنے۔ وصال کے بعد آپ رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رفیق ہیں اور پہلو مصطفی میں آرام فرما ہیں۔ آپ کی زندگی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت اور محبت میں گزری۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top