فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن پی پی65 کی اقبال ٹاؤن میں میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس

تحریک منہاج القرآن پی پی65 فیصل آباد کے زیرِاہتمام اقبال ٹاؤن میں میلادِ مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس سے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ دعوت مفتی ارشاد احمد سعیدی اور تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کے امیر علامہ عزیزالحسن اعوان، علامہ ریاض احمدکھرل، رانا رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، زبیب مسعود شاہ، اللہ رکھا نعیم، رانا محمد ادریس، حاجی امین القادری، میاں انصرمحمود، میاں ظہور، طارق نعیم، شاہد سلیم، عاصم نعیم، ملک سرفراز قادری، آصف عزیز اور عامر حسین سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

میلادِ مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ارشاد سعیدی نے کہا کہ اسلام دینِ امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو نہیں سمجھا۔ جس دل میں نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اور محبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی، میلادِ مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے۔ آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (سیکرٹری اطلاعات تحریک منہاج القرآن ضلع فیصل آباد)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top