دہشتگردی کے خلاف فتویٰ ڈاکٹر طاہرالقادری کی عظیم قومی و اسلامی خدمت ہے، انصار برنی

سماجی رہنما انصار برنی کا منہاج القرآن کا دورہ، خر م نواز گنڈا پور، جی ایم ملک و دیگر رہنماؤں سے ملاقات

لاہور (4 اپریل 2016) معروف قانون دان اور انسانی حقوق کے عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنماء انصار برنی نے گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی انتہا پسندی کے خاتمے، بین المذاہب رواداری کے فروغ اور معیاری و با مقصد تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے انکی قومی و عالمی خدمات کو بے حد سراہا، مرکزی سیکرٹریٹ میں انصار برنی نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، فرح ناز، ساجد بھٹی، عدنان جاوید و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، انصار برنی و مسز انصار برنی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف شعبہ جات، ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز، ریسرچ سیل، ویلفیئر فاؤنڈیشن، میڈیا سیل، سیل سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔

خرم نواز گنڈا پور نے انصار برنی کو تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر میں پھیلے منظم اور وسیع تنظیمی، تحقیقی، علمی نیٹ ورک کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انصار برنی نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری عالم اسلام اور پاکستانیوں کیلئے بہت بڑی نعمت ہیں، انکے تجدیدی، تعلیمی اورفلاحی کاموں سے دنیا بھر کے لوگ اور خاص طور پر مسلمان اپنی روحانی و علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ترجمہ قرآن، اسلام میں انسانی حقوق اور دہشت گردی کے خلاف فتویٰ جیسی معرکۃ الاآراء تصانیف کا ہر کسی کو مطالعہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سینکڑوں تصانیف دنیا بھر کے مسلمانوں اور خاص طور پر مذہبی سکالرز کے علمی اور روحانی زوق کی آبیاری کیلئے بڑا سرمایہ ہیں۔ انصار برنی نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تعلیم کے شعبے میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ منفرد مقام رکھتی ہیں، جو کام حکومتوں کے کرنے کے تھے وہ اکیلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کئے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن نے انتہا پسندی کے حوالے سے پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز اور ایک عالمی معیار کی چارٹرڈ یونیورسٹی ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں، منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے معیاری تعلیم دے کر آنے والی نسلوں کو نئے چیلنجز کیلئے تیار کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کو انکے حقوق کا شعور دے رہے ہیں اور جس ملک کے عوام کو انکے حقوق کا شعور آ جائے ان ملکوں کی تقدیر بدل جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتیں تو آج نوجوان نسل کے ہاتھ میں بندوق نہ ہوتی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top