اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو کرپشن سے پاک کر کے دم لیں گے: خرم نواز گنڈا پور

عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کی مزار اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر حاضری، فاتحہ خوانی
لٹیرے حکمرانوں نے اقبال کا خواب چکنا چور کر دیا، خرم نواز گنڈاپور، شہزاد رسول، سہیل رضا، ساجد بھٹی و دیگر کی گفتگو

لاہور (21 اپریل2016) اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو کرپشن سے پاک کر کے دم لیں گے۔ حکیم الامت نے اسلام کی حقیقی تجربہ گاہ اور غریب آدمی کو سیاسی، سماجی، معاشی تحفظ دینے کیلئے الگ وطن کا خواب دیکھا۔ جسے لٹیرے حکمرانوں نے چور چور کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پھولوں کی چادر کا اہتمام منہاج القرآن پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول، انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا کی طرف سے کیا گیا تھا۔ وفد میں ساجد بھٹی، جواد حامد، ڈاکٹر اقبال نور، راجہ ندیم شامل تھے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ بڑے قانون دان، عظیم سیاستدان اور دانشور ہی نہیں تھے بلکہ اعلیٰ پائے کے فکری رہنما بھی تھے۔ مسلمانان ہند کے احیاء کی جدوجہد کے مفکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ ہیں۔ برصغیر کے مسلمانوں کی فکری، عملی اور نظریاتی میدان میں رہنمائی کا جو کردار علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے ادا کیا وہ اس خداداد صلاحیت کا حامل تھا جس کی نظر عصر حاضر میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانوں کو جہد مسلسل کی تلقین کی اور نوجوان نسل کو سادہ اور فطری زندگی پر قناعت کا درس دیا۔ شاعر مشرق نے اپنے کلام میں مسلمانوں کو ہر حال میں اپنی خودداری اور غیرت کی حفاظت کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وصال پر ہمیں اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے نوجوانوں کوشاہین قرار دیا ہے اور عقابی روح بیدار کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی نصیحت کی ہے۔ عمل پیہم اور سعی مسلسل زندگی اور ترقی کیلئے لازم ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج ملک کو مشکل حالات تک پہنچانے والے کرپٹ سیاستدان اور فرسودہ نظام سیاست ہے۔ حکمرانوں نے غریب عوام کو بھوک، افلاس، بیروزگاری، دہشتگردی اور عدم تحفظ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ قومی خزانہ لوٹنے والے سیاستدانوں نے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں اور اسکے جغرافیے کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔ نااہل سیاستدانوں نے پاکستان کو معاشی و سیاسی لحاظ سے اس قدر کمزور کر دیا ہے کہ ملک اپنے فیصلے کرنے میں بھی آزاد نہیں رہا۔ یہ سب اس لیے ہے کہ حکمرانوں نے فکر اقبال سے ناطہ توڑ لیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کی سوچ فکر اقبال سے متصادم ہے جبکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق اپنی ترجیحات طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پیغام خودی سے رہنمائی لیکر ان نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ قوم نے امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین، قانون اور عدل و انصاف کے دشمن موجودہ کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کر دیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top