پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے 14 سو سال قبل امت مسلمہ کو انتہا پسندی سے الگ کر دیاتھا: فیض الرحمن درانی

پیغمبر انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے موقع پر امت مسلمہ کو اعتدال والی امت قرار دیا :امیر تحریک منہاج القرآن
اللہ نے تحریک منہاج القرآن کو امن کے فروغ اور فتنہ خوراج کو بے نقاب کرنے کے لیے چن لیا
رمضان المبارک سے قبل مصنوعی مہنگائی کی لہر نے غریب روزہ داروں کو ابھی سے پریشان کر دیا

لاہور (29 اپریل 2016) تحریک منہاج القرآن کے امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے جامع منہاج القرآن میں جمعتہ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 سو سال قبل پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت مسلمہ کو اعتدال والی امت قرار دے کر اسے انتہا پسندی اور ہر طرح کی دہشتگردی سے الگ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سفر معراج کے موقع پر پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوری انسانیت کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے ساری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے جو ہستی پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہو اس کے پیروکار کسی بے گناہ کی زندگی سے کیسے کھیل سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اعتدال والی امت کے آفاقی پیغام کی روشنی میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف 6 سو صفحات کا فتویٰ دیا اور طلباء، اساتذہ، سول سوسائٹی، آفیشلز کی دہشتگردی کے خلاف فکری و نظریاتی پختگی کیلئے فروغ امن نصاب مرتب کیا، اس کے ساتھ ساتھ فروغ امن کیلئے ان کی 25 سے زائد کتب تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اللہ نے تحریک منہاج القرآن کو امن کے فروغ اور فتنہ خوراج کو بے نقاب کرنے کے لیے چن لیا۔ امیر تحریک نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کی لہر نے غریب روزہ داروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ دنیا جہان کی غیر مسلم حکومتیں رمضان المبارک میں مسلم کمیونٹی کو ریلیف دیتی ہیں مگر ظلم کی انتہا ہے کہ پاکستان میں اللہ کے مہمان مہینے میں مہنگائی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں اور مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top