کوہاٹ: منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ضرب امن ٹریننگ ورکشاپ

مورخہ: 02 مئی 2016ء

دہشت گردی اور انتہاپسندی کے عفریت نے پوری دنیا کو بالعموم اور عالمِ اسلام کو بالخصوص اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ دہشت گرد اسلام کے نام پر خودکش دھماکے، قتل و غارتگری اور شرانگیزی پھیلا کر اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ انتہاپسندی، تکفیریت اور دہشت گردی کے سدباب کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مبسوط تاریخی فتویٰ جاری کیا اور فروغ امن و انسداد دہشتگردی کا مکمل اسلامی نصاب متعارف کروایا۔ وطن عزیز پاکستان میں پاک فوج دہشت گردی کے خلاف ’آپریشن ضرب عضب‘ کے ذریعے دہشتگردوں کا خاتمہ کر رہی ہے، جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپستی میں تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز ’ضرب امن‘ مہم کے ذریعے دہشتگردی اور انتہاپسندی کی فکری و نظریاتی بنیادوں کی بیخ کنی کررہے ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ضربِ امن مہم کے تحت مختلف شہروں میں ’ضرب امن سمینارز‘ اور ’ ضرب امن ٹریننگ ورکشاپس‘ کا آغاز کیا ہے، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اسلام کے پیغامِ امن و محبت اور احترامِ انسانیت سے متعارف کروایا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں 2 مئی 2016 کو کوہاٹ میں ضرب امن ٹریننگ ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے لیکچر دیا اور شرکاء کو نصاب امن سے متعلق پریزینٹیشن دی۔

ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نسلِ نُو کو انتہاپسندی سے دور کرنے اور انہیں امن کا داعی بنانے کیلئے فروغِ امن اور انسدادِ دہشتگردی کا قومی نصاب مرتب کر دیا ہے۔ انسانی معاشرے کی سلامتی اور بقا کا اِنحصار اِنتہا پسندی اور دہشت گردی سے کلیتاً چھٹکارا پانے ہی میں مضمر ہے۔ نوجوان امن کا پیغام لیکر ہر فرد کے پاس جائیں تاکہ معاشرے سے انتہاپسندی کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے 50 لاکھ نوجوانوں کو ضرب امن مہم میں شامل کرنے کا ہمارا عزم ہے اور ہدف ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top