معراج مصطفیٰ کانفرنس و ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم- مئی 2016

مورخہ: 04 مئی 2016ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر شبِ معراج 4 مئی 2016ء کو مینارۃ السلام سائے تلے ’معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس‘ اور ’ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘ کا انعقاد ہوا۔ روحانی محفل کی صدارت مرکزی ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تحریک منہاج القرآن احمد انواز انجم نے کی، جبکہ علامہ رانا محمد ادریس قادری، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر، ذیشان بیگ، صاحبزادہ محمد حسین آزاد، غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، وائس پرنسپل شریعہ کالج ممتاز الحسن باروی، ساجد محمود بھٹی اور مقصود احمد قادری سمیت دیگر قائدین سٹیج پر موجود تھے۔ محفل کا اہتمام منہاج القرآن علماء کونسل نے کیا تھا۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ عقیدت کے پھول نچھاور کرنے سے ہوا جس کی سعادت منہاج نعت کونسل (ظہیر بلالی برادران)، شہزاد برادران اور ذیشان بیگ نے حاصل کی۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی علم کی صدیوں کی ترقی کے بعد آج سائنس جس بلندی پر ہے وہ بلا شبہ علم کی معراج ہے، لیکن انسان اس معراج پر پہنچ کر بھی نظام شمسی کے ایک سیارے کو پار نہیں کر سکا۔ اُس انسان کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے جو رات کے چند لمحوں میں مکان و لا مکان کی وسعتوں کو پار کر کے او ادنیٰ کے مقام قرب کی منزلیں طے کرگیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سفر معراج علم اور سائنس کی بھی معراج ہے۔ آپ کا سفر ایک ایسا معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے انسانی عقل عاجز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شب معراج آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انبیاء علیہ السلام کی امامت کا شرف حاصل ہوا اور سب پردے فاش ہوئے۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ شب معراج انسانی تاریخ کا انتہائی بابرکت سفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے مگر بدقسمتی ہے کہ اس کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت سب سے زیادہ جہالت میں گھری ہوئی ہے۔ اسلام کا دامن علم کی ہر ہر جہت سے مالا مال ہے مگر آج مسلمانوں کا دامن علم کے نور سے خالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفر معراج سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگر آج انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بد امنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے یہ سارے مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔

معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس اور ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے طلباء سمیت عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا اختتام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام کے نذرانوں اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کی دعاؤں سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top