ڈائریکٹر پیس سنٹر فادر جیمز چنن کی منہاج القرآن سیکرٹریٹ آمد، سہیل رضا سے ملاقات

مورخہ: 12 مئی 2016ء

مذاہب کے درمیان مشترکات پر بہت کام کرنے ضرورت ہے، سہیل احمد رضا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فکری، علمی اور عملی رہنمائی دی، فادر جیمز چنن

لاہور (12 مئی 2016) ممتاز مسیحی رہنماء اور ڈائریکٹر پیس سنٹر لاہور فادر جیمز چنن نے عالمی سطح پر مسلم مسیحی ڈائیلاگ کے موضو ع پر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فادر جیمز چنن نے تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلشنز منہاج القرآن انٹر نیشنل سہیل احمد رضا نے مسیحی رہنماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مذاہب کے درمیان مشترکات پر ابھی بھی بہت زیادہ کام کرنے ضرورت ہے۔ مختلف مذاہب کے درمیان حائل خلیج کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا تمام مذاہب کے پیروکاروں کا اہم فریضہ ہے۔ انہوں نے فادر جیمز چنن کو بتایا کہ انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل دنیا کے 100 ممالک میں موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تمام مذاہب اور مسالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا ہے اور محبت و امن کے رویوں کو دنیا میں پھیلا دیا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری محبت اور امن کے عظیم رویوں کو عام کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

مسیحی رہنما فادر جیمز چنن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے قیام اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں دونوں بڑے مذاہب اہم اور موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے اور جاننے کیلئے باہمی سطح پر دونوں مذاہب کی حقیقی تعلیمات کا مطالعہ کرتے ہوئے ان روحانی اقدار اور دیگر مشترکات کا اجاگر کرنا ہو گا۔ عالمی سطح پر امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے منہاج القرآن کا کردار تاریخی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ فادر جیمز چنن نے کہا کہ منہاج القرآن ایک ایسی تحریک ہے جو نئی نسل کو فکری رہنمائی کے ساتھ ساتھ دہشتگردی و انتہا پسندی سے بچا کر اعلیٰ انسانی اقدار سے روشناس کرا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن کی ضرورت ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انسانیت کو فکری، علمی اور عملی رہنمائی دی ہے،

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top