سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ کا انسداد دہشتگردی عدالت میں بیان قلمبند

مورخہ: 13 مئی 2016ء

’’ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی سے ملکی فضا خراب ہو گی انہیں روکیں‘‘
15جون 2014 کے دن CM ہاؤس سے فون آیا، ’’لاہور میں رہیں‘‘ اہم میٹنگ کرنی ہے: بیان
وزیر اعظم، وزیراعلیٰ اور وفاقی وزراء نے ماڈل ٹاؤن بلا کر ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد روکنے کیلئے دھمکیاں دیں
ڈاکٹر طاہرالقادری شیڈول کے مطابق آئینگے، جواب پر پرویز رشید نے کہا لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے
میٹنگ میں چوہدری نثار، خواجہ آصف، خواجہ سعد، پرویز رشید، عابد شیر علی، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ اور ڈاکٹر توقیر موجود تھے

لاہور (13مئی 2016) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے عوامی تحریک کے گواہ سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ نے کہا کہ 15جون 2014 کے دن مجھے اور خرم نواز گنڈا پور کو ماڈل ٹاؤن ایچ بلاک لاہور بلایا گیا، جہاں وزیراعظم میاں نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزراء چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، پرویز رشید، عابد شیر علی، صوبائی وزراء راناثناءاللہ اور ڈاکٹر توقیر شاہ پہلے سے موجود تھے۔ ہمیں کہا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے آنے سے ملکی سیاسی فضا خراب ہو جائے گی انہیں پاکستان آنے سے روکیں ورنہ ان کی آمد کو طاقت سے روکیں گے اور راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو تہس نہس کر دینگے۔

فیاض وڑائچ نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 جون 2014 کی دوپہر چیف منسٹر ہاؤس سے فون پر ہمیں آگاہ کیا گیا کہ لاہور میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں آپ حضرات سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کے حوالے سے اہم میٹنگ کرنی ہے اور پھر شام کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے ایک گاڑی آئی جس کے ذریعے ہم ماڈل ٹاؤن ایچ بلاک پہنچے، ہمارے ہمراہ منہاج القرآن کے چیف سیکیورٹی افسر سید الطاف حسین شاہ گیلانی بھی تھے، سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ نے اپنے بیان میں کہا کہ خرم نواز گنڈا پور نے شرکائے میٹنگ کو دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن آمد کا شیڈول حتمی ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی اس پر وفاقی وزیر پرویز رشید نے غصہ میں کہا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانیں گے۔ خواجہ آصف اور عابد شیر علی نے دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سارے انتظامات کر رکھے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور حمزہ شہباز بھی طیش میں آگئے اور انہوں نے چوہدری نثار، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ پر مشتمل کمیٹی بناتے ہوئے کہا کہ اب ہم کسی اور طریقے سے نمٹیں گے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ حکمرانوں کے نامعقول رویے کے باعث ہم میٹنگ سے اٹھ کر آ گئے۔

بیان قلمبند کروانے کے بعد سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ نے سینئر وکلاء رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ اور مستغیث جواد حامد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج عدالت کے رو برو ایک اہم گواہی پیش کی گئی، موجودہ حکمرانوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد روکنے کیلئے کھلے عام دھمکیاں دیں جو ریکارڈ پر ہیں کسی نے جن نکالنے کی بات کی، کسی نے دھونی دینے کی بات کی اور پھر 17جون 2014کے سانحہ کی صورت میں ان دھمکیوں پر عملدرآمد بھی کیا گیا اور 14 بے گناہوں کو شہید اور 85 سے زائد کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 17 جون 2016 کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دو سال مکمل ہو رہے ہیں ہم شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم شہدا منا رہے ہیں، ان شاءاللہ تعالیٰ 17جون کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھی اپنے عوام، شہداء کے ورثاء اور کارکنوں کے درمیان ہو نگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top