کوئٹہ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’شب دعا‘ کا انعقاد

مورخہ: 26 مئی 2016ء

تحریک منہاج القرآن کوئٹہ کے زیر اہتمام 22 مئی 2016 کو شب برات کے موقع پر ڈی ایس مسجد ریلوے اسٹیشن کوئٹہ میں ’شب دعا‘ کا انعقاد کیا گیا جس سے مرکزی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ مرتضٰی علوی نے خطاب کیا۔ شبِ برات کے اس اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

’شبِ دعا‘ کا آغاز بعد نمازِ عشاء تلاوت قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ علامہ مرتضٰی علوی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شب برات کی فضیلت اور اس میں بخشش و مغفرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اشبِ برات کو رب کائنات اپنی شان کے مطابق آسمان دنیا پر اترتا ہے اور ہر گناہگار شخص کو پکارتا ہے۔ وہ اعلان فرماتا ہے کہ ’ہے کوئی مجھ سے معافی مانگنے والا کہ جس کی مغفرت کروں؟‘ شب برات گناہوں سے معافی مانگنے کی رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ رب العزت نے ابلیس کو لعین قرار دیا تو شیطان نے اللہ رب العزت کی قسم کھا کر کہا کہ رہتی دنیا تک میں تیری بندوں کو تیری راہ سے صراط مسقیم سے بھٹکاؤں گا، حتیٰ کہ وہ گناہوں کی دلدل میں گر جائیں گے تو اللہ رب العز ت نے ابلیس کو بلایا اور کہا کہ اے ابلیس! تو نے میری قسم کھا کر میرے بندوں کو میری راہ سے ہٹانے کا عزم کیا ہے، تو سن لے مجھے میری عزت کی قسم (تین بار قسم کھائی) جو گناہوں میں لت پت ہو اور اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھے وہ صر ف ایک بار سچی توبہ کرے میں اس کی توبہ قبول کروں گا اور اس کے سارے گناہوں کو بخش دوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اللہ توبہ قبول کرتا ہے تو انسان کے جسم کے ہر ہر عضو سے گناہ کو مٹا دیتا ہے حتیٰ کہ کراًما کاتبین کے ذہنوں سے بھی اپنے بندوں کے گناہوں کو ختم کردیتا ہے۔

شب دعا کے شرکاء نے صلوۃ التسبح ادا کی جس کے بعد ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کے لیے دعاء کی گئی۔ کامیاب اجتماع کے انعقاد اور قابلِ تحسین انتظامات پر علامہ مرتضٰی علوی نے تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے عہدیدران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: صفدر اقبال (ناظم تحریک منہاج القرآن ضلع کوئٹہ)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top