پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ فیصل آباد کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

مورخہ: 27 مئی 2016ء

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ فیصل آباد کی ضلعی ایگزیکٹو کونسل کا اہم اجلاس 27 مئی 2016 کو کو ہوا، جس میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ مرکزی سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، عوامی تحریک یوتھ ونگ فیصل آباد کے نگران عمران مبارک، رانا وحید شہزاد، تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے رہنما ملک سرفراز قادری، منظور حسین رحمانی، مدثر فاروق، بدر رمیض اور احمد انور سمیت دیگر عہدیداران شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منصور قاسم اعوان نے کہا کہ 17 جون کو لاہو مال روڈ پر تاریخی احتجاج ہوگا، جس کی قیادت قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کریں گے۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ پورے پنجاب سے ہزاروں نوجوانوں کے ہمراہ احتجاج میں شرکت کرے گی۔ 17 جون کو لاکھوں پاکستانی شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا، قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے اور مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو کر رہے گا۔ منصور قاسم اعوان 17 جون دھرنا کی تیاریوں کے سلسلہ میں تین دن فیصل آباد میں قیام کریں گے اور ہر حلقہ کا دورہ کریں گے اس سلسلہ میں کمیٹیاں تشکیل دے کر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر عمران مبارک کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے ہر حلقہ سے یوتھ ونگ کے نوجوان 17 جون کو مال روڈ لاہور پہنچیں گے۔ 17 جون 2014 کو ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کی انتہاء کی گئی، ریاستی بربریت کو دو سال مکمل ہوگئے مگر 14شہداء اور سینکڑوں زخمیوں کو آج تک انصاف نہیں مل سکا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ریاست کے ان شہریوں کو قتل کیا گیا جن کے جان و مال کے تحفظ اور انصاف کی گارنٹی آئین پاکستان نے دی۔ نام نہاد جسٹس سسٹم میں سموسے پکوڑے، چینی چٹنی اور شراب کی ایک بوتل پر تو سؤموٹو ایکشن ہوتا ہے، مگر بےگناہ انسانی جانوں کے ضائع ہونے پر انصاف کا کوئی ادارہ ٹس سے مس نہیں ہوتا۔ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top