فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

مورخہ: 27 مئی 2016ء

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کی ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس 27 مئی 2016 کو ہوا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی ناظم رانا ربنواز انجم، رانا محمود الحسن، غلام محمد قادری اور میاں امجد قادری سمیت دیگر عہدیداران شریک تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور پانامہ لیکس کے چوروں کی اب کوئی جگہ نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جو ظلم ہوا اسکی کوئی مثال نہیں ملتی، معصوم شہریوں کی لاشیں گرانے والے نامعلوم دہشتگرد نہیں بلکہ جانے پہچانے چہرے ہیں۔ شہداء ماڈل ٹاؤن کا انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ظلم، کرپشن اور دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں، جب تک طاقتور اور بالادست طبقہ انصاف کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کر دیا جاتا، ظلم ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مساوات، عوامی امنگوں کی ترجمان جمہوریت کے قیام کیلئے آئینی الیکشن کمیشن اور شفاف انتخابات کا ویژن دیا اور اس حوالے سے قومی شعور اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2013 ء کا لانگ مارچ اور 14اگست 2014ء کا انقلاب مارچ عوامی تحریک کے عظیم کارکنوں کی جدوجہد کی عظیم مثالیں ہیں۔ یہ سفر جاری ہے اور جاری رہے گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دو سال گزر جانے کے بعد بھی کوئی پیش رفت نہ ہونے پر 17 جون کو مال روڈ لاہور پر احتجاجی دھرنا دیں گے، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے کارکنوں کے ہمراہ مال روڈ پر ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top