تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن شروع
ہر سال کی طرح امسال بھی شہر اعتکاف کا عظیم الشان اجتماع ٹاؤن شپ میں ہو گا
رمضان المبارک میں مساجد کی فول پروف سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے:فیض الرحمن درانی
لاہور (03 جون 2016) تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر ایڈمن اور شہر اعتکاف 2016 کے سیکرٹری جواد حامد نے کہا ہے کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں ہر سال کی طرح امسال بھی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ اعتکاف کا اہتمام کیا جائیگا۔ شہر اعتکاف میں ملک کے طول و عرض سے اسلامیان پاکستان شامل ہوتے ہیں، تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف تربیت اور فہم دین کے حوالے سے ایک ممتاز مقام رکھتا ہے، شہراعتکاف میں شامل ہونے والوں کیلئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے، شہر اعتکاف کا حصہ بننے کے خواہشمند اضلاع اور زونلز کے ذمہ داران سے رابطہ کریں، مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں بھی رجسٹریشن ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہر اعتکاف کے سیکرٹری جواد حامد نے یہاں عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، سید امجد علی شاہ، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، عرفان یوسف، مظہر علوی، علامہ میر آصف اکبر و دیگر بھی موجود تھے۔ جواد حامد نے کہا کہ حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، پنجاب، شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان اور بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، ایک بار پھر امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے استقبال اوراسکے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ماہ مبارک میں عبادت، ریاضت اور ہر نوع کی نیکی کا اجر کئی گنا بڑھا کر عطا کرتا ہے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ رمضان المبارک شدید گرمی کے موسم میں آرہا ہے، حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سحرو افطار اور تراویح کے وقت سختی سے اس بات کو یقینی بنائے کہ لوڈشیڈنگ نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے تھی حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر انتہائی خراب ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں مساجد کی فول پروف سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بلاامتیاز مسلک اور فرقہ تمام علمائے کرام، بین المسالک ہم آہنگی اور اسلامی بھائی چارے کو فروغ دینے پر توجہ دیں اور اسلامیان پاکستان کو ایک تسبیح کے دانوں کی طرح اکٹھا کریں۔
تبصرہ