17 جون کا احتجاج شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 04 جون 2016ء

حکومت کو آگاہ کر دیا، یوم شہداء کی تقریب ہر حال میں مال روڈ پر ہوگی
موجودہ حکمرانوں نے انصاف اور انسانی حقوق کا قتل عام کیا، ورکرز کنونشن سے خطاب
بجٹ میں خواتین کیلئے کچھ نہیں، ویمن لیگ کے وفود سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (4 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کا احتجاج شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے ہے۔ حکومت کو آگاہ کر دیا، یوم شہداء کی تقریب ہر حال میں مال روڈ پر ہو گی۔ احتجاج میں لاہور کے عوام سیاسی، سماجی شخصیات، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں شریک ہونگی۔ کارکن یوم شہداء کی تقریب میں شرکت کیلئے 17 جون کی شام مال روڈپہنچیں۔ ورکرز کنونشن سے حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، چودھری افضل گجر، حنیف قادری، حبیب اللہ بٹ، انجینئر ثناء اللہ، ساجد اصغر، حاجی محمد اسحاق، حنیف صابری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ اور رپورٹ دینے والے جج کو متنازعہ بنانے کی سازش ہورہی ہے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ موجودہ حکمرانوں کے سروں پر لٹکتی ہوئی تلوار ہے جسے ہٹانے کیلئے حکومت درپردہ سازشیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن رپورٹ میں قاتلوں کے مکمل نام اور پتے درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک سال سے عدالت عالیہ میں رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کیلئے بیٹھے ہیں۔ پہلے تو تاخیر سے تاریخیں ملتی تھیں اب تاریخیں ملنا بھی بند ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون کو مال روڈ پر احتجاج کے ذریعے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر قوم اور انصاف کے اداروں کی توجہ مبذول کروائیں گے۔

دریں اثناء سینئر مرکزی رہنما سے ویمن لیگ کے وفد نے مرکزی صدر فرح ناز کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بجٹ میں خواتین کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ تعلیم اور صحت کے بجٹ کم جبکہ وزیراعظم ہاؤس کے بجٹ میں اضافہ ہوا۔ ایسا انسانیت کا دشمن بجٹ دنیا کے کسی مہذب جمہوری معاشرے میں پیش ہو ا ہوتا تو وہاں کے عوام ایسی حکومت اور بجٹ کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دیتے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یقین ہے کہ عوام ان کے ہر فیصلے کو آنکھیں بند کر کے تسلیم کر لیتے ہیں اس لیے وہ من مانی کررہے ہیں اور شہریوں سے انصاف اور جینے کا حق چھین رہے ہیں۔ وفد میں افنان بابر، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، گلشن ارشاد، زینب ارشدشامل تھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top