آئی جی پنجاب ایس ایچ اوز کو سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے سے روکیں، عوامی تحریک

مورخہ: 05 جون 2016ء

17 جون کا احتجاج پر امن ہے، حکمران جماعت تشدد کو ہوا دینے سے باز رہے، خرم نواز گنڈا پور
پی پی 143 لاہور کے ناظم حاجی صلاح الدین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان گرفتار کئے جائیں
ایک دن کے احتجاج کو ایک سو ایک دن تک بڑھا نے پر مجبور نہ کیا جائے، امیر تحریک منہاج القرآن لاہور

لاہور(5 جون 2016)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل اورمنہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے منہاج القرآن کے پی پی 143 کے ناظم حاجی صلاح الدین سلطانی اور اسکے عمر رسیدہ والد پر نون لیگی کونسلر اوربھتہ خور فیضان الہی اور اسکے درجنوں مسلح غنڈوں کی طرف سے قاتلانہ حملہ اورتشدد کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آئی جی پنجاب ایس ایچ اوز کو سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے سے روکیں اور حکمران جماعت تشدد کو ہوا دینے سے باز رہے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن لاہور کے ناظم حاجی صلاح الدین کی طرف سے ون فائیوپر کال بھی کی گئی مگرپولیس نے موقع پر پہنچنے کے باوجود ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی پولیس ن لیگ کی باڈی گارڈ بننے کی بجائے عوام کی محافظ بنے۔ تھانہ گجر پورہ میں درخواست بھی دی گئی مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت 17جون کے پر امن احتجاج کو روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جائے۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ ن لیگ خود کو سیاسی جماعت سمجھتی ہے تو پھر سیاسی انداز میں مقابلہ کرے، پولیس اور سرکاری اداروں کا نجی استعمال فاشزم ہے۔ عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنان گولیوں، لاٹھیوں اور تشدد سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی ایسے اوچھے ہتھکنڈے ہمیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف لینے سے روک سکتے ہیں۔ ہم آئی جی پنجاب سے کہہ رہے ہیں کہ ہمارا احتجاج پر امن ہے اور وہ اپنے ایس ایچ اوز کو سیاسی جماعت کے آلہ کار کے طور پر استعمال ہونے سے روکیں ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم اپنے ایک دن کے احتجاج کو ایک سو ایک دن تک بڑھا نے پر مجبور نہ کیا جائے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ن لیگ کے کارکنوں کی غنڈہ گردی اور پولیس کے ماورائے قانون کردار کو مانیٹر کرنے کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ میں وکلاء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ امیر تحریک منہاج القرآن لاہورحافظ غلام فرید، ناظم حنیف مغل، چودھری افضل گجر نے پی پی 143 کے ناظم حاجی صلاح الدین سلطانی پر حملہ کے ملزمان کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top