اسلامی ملک پاکستان کے روزہ دار لوڈشیڈنگ سے نڈھال ہیں: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 10 جون 2016ء

نااہل ذمہ داران اور بجلی پانی کے بحران جدید دور کے عذاب ہیں
انسان بھوک پیاس برداشت کر کے صبر کی منزلوں کو پالیتا ہے، جمعتہ المبارک سے خطاب

لاہور (10 جون 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلامی ملک پاکستان کے روزہ دار 48 ڈگری کے درجہ حرارت پر لوڈشیڈنگ کے باعث نڈھال ہیں۔ حکومت لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کر کے غریب روزہ اروں کی دعائیں لے۔ دکھی دل کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ 65 سال بعد پاکستان کے عوام کی واحد ڈیمانڈ لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کا خاتمہ ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اعمال کے نتیجے میں برے حکمران ہم پر مسلط ہیں۔ نااہل حکمران اور لوڈشیڈنگ جدید دور کے عذاب ہیں، ان سے نجات کیلئے عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا اور قوم اگر بنی اسرائیل بنی رہی تو فرعون صفت حکمران ان پر ظلم ڈھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ تزکیہ نفس اوراخلاق بد سے نجات کا ذریعہ ہے، روزہ کی وجہ سے جسمانی بیماریوں کا علاج ہوتا ہے، طبیعت میں اطمینان اورراحت پیدا ہوتی ہے، روزہ انسانی اخلاق کو سنوارتا ہے، مومن اعلیٰ اخلاقی اصول اختیار کرلیتا ہے، روزہ ضبط نفس پیدا کرتا ہے، انسانی خواہشات کے طوفان کے آگے کھڑا ہو جاتا ہے اور شیطانی چالوں کے آگے بند باندھتا ہے، روزہ اطاعت الٰہی کیلئے بندے کو اس طرح تیار کر دیتا ہے جس کی کوئی حد نہیں کیونکہ یہ سب اللہ کیلئے ہے، انسان بھوک پیاس برداشت کر کے صبر کی منزلوں کو پا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزے سے مومن میں اخوت اور بھائی چارے کی لذت پیدا ہوتی ہے۔ مشرق و مغرب میں رہنے والے اہل ایمان میں وحدت کا شعور اجاگر ہوتا ہے۔ روزہ انسان میں شفقت اور اخوت پیدا کرتا ہے، انسان ایک دوسرے کی بھوک پیاس کا شدید احساس رکھتے ہیں، غربا ء اور مساکین بھائیوں کیلئے ہمدردی اور پیار پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارک مہینہ، خیروبرکت اور اطاعت کا عظیم موسم ہے۔ یہ بہت عظمت والا مہینہ ہے، اس مہینے اجر و ثواب میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top