شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں، رجسٹریشن کا عمل جاری

مورخہ: 20 جون 2016ء

منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ہزاروں افراداعتکاف بیٹھیں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین
شدید گرمی و حبس، شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار د یا جائے، اجلاس میں مطالبہ
سیکورٹی کیمرے لگائے جائینگے، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے 2ہزار نوجوان سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے

لاہور (20 جون 2016) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ اس سال بھی منہاج القرآن کے زیر اہتمام آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں اندرون ملک و بیرون ملک سے ہزاروں لوگ اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ شہر اعتکاف توبہ و آنسوؤں کی وہ بستی ہے جس میں لوگ اللہ کو راضی کرتے ہیں اور اپنے قلوب و اذہان کی پاکیزگی کا سامان کرتے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہا انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شہر اعتکاف 2016 ء کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صدر فیڈرل کونسل ڈاکٹر حسین محی الدین القادری، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، جواد حامد، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، رفیق نجم، شہزاد رسول، مظہر علوی، عرفان یوسف، فرح ناز، علامہ میر آصف اکبر، حافظ غلام فریداور دیگر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

سیکرٹری شہر اعتکاف 2016 ء جواد حامد نے اس موقع پر مرکزی قائدین کو شہر اعتکاف کے انتظامات اور تیاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر اعتکاف کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ اندرون ملک و بیرون ملک سے ہزاروں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ حرمین شریفین کے بعد دنیا ئے اسلام کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جو اگلے دو تین روز میں مکمل ہو جائے گا۔ رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کیلئے جگہ نہیں ہو گی۔ جواد حامد نے بتایا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے دو ہزار نوجوان سکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔ شہر اعتکا ف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگادئیے گئے ہیں جب کہ شہر اعتکاف کی طرف آنے والے راستوں پر کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے جائینگے۔ انہوں نے مرکزی قائدین کو بتایا کہ گرمی سے بچاؤ کیلئے جامع منہاج کے صحن کے دونوں اطراف چار فٹ قطر کے 40 بڑے پنکھے لگائے جائینگے۔ معتکفین کے وضو اور طہارت کیلئے بہترین انتظامات کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کیلئے 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10 ایمبولینسز بھی 24 گھنٹے شہر اعتکاف کا حصہ ہوں گی۔ جواد حامد نے کہا کہ جامع المنہاج میں ہزاروں مرد جبکہ منہاج گرلز کالج میں خواتین اعتکاف کریں گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری روزانہ درس قرآن و تصوف دینگے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے شہر اعتکاف میں چار بڑی ایل ای ڈیز سکرین لگائی جائینگی تاکہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ ساؤنڈ کو بہترین انتظام کیا جائیگا۔ منہاج آئی ٹی بیورو کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خطابات، شہر اعتکاف میں ہونے والی محافل پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا انتظام کیا جائیگا۔ ہزاروں معتفکین کیلئے سحری و افطاری وسیع انتظام کیا جارہا ہے۔ کھانوں کی پکوائی اور روٹیاں لگنے کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات یو یقینی بنایا جائیگا کہ سحری و افطاری کیلئے بنایا جانے والا تازہ کھانا بروقت معتکفین تک پہنچ سکے۔ ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام پورے شہر اعتکاف میں کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں قرارداد پاس کی گئی کہ شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرا ردیاجائے۔ منہاج القرآن کے قائدین نے لیسکو سے مطالبہ کیا کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے کر اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top