دہشتگردی کے انفیکشن کے مکمل علاج تک شہری مرتے رہینگے،ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 22 جون 2016ء

امجد صابری کی دہشتگردانہ حملہ میں شہادت پر دلی دکھ ہے، ذمہ دار بے حس حکمران ہیں،گفتگو

لاہور (22 جون 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب تک دہشتگردی کے انفیکشن کا مکمل علاج نہیں ہوتا،شہری مرتے رہیں گے۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ امجد صابری کی دہشتگردانہ حملہ میں شہادت پر دلی افسوس ہے۔ امجد صابری نے اپنی آواز سے نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جوت جگائی۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ دہشتگردی کا اژدھا بڑے بڑے ناموروں کو نگل گیا،مگر جمہوری حکمرانوں کی آنکھیں نہ کھل سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں چیف جسٹس کے بیٹے کی گمشدگی کے فوری بعد امجد صابری پر دہشتگردانہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردوں کا نیٹ ورک نہ صرف موجود ہے بلکہ پوری طرح متحرک ہے۔ دہشتگردی کا علاج صرف گولی سے ممکن نہیں اس کیلئے بنیادی محرکات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ایکشن پلان دہشتگردی کے محرکات کو ختم کرنے کیلئے بنایا گیا تھا مگر اس ایکشن پلان کو سبو تاژ کرنے والے دہشتگرد نہیں بلکہ خود حکمران ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ قومی ایکشن پلان بننے کے ڈیڑھ سال بعد کہہ رہے ہیں کہ آئندہ مہینہ میں نیکٹا کا ہیڈ کوارٹر تعمیر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس جنگ کو جیتنے کیلئے قوم بے قرار ہے اس جنگ کے خلاف مرکزی کردار کے حامل ادارے نیکٹا کا ابھی دفتر زیر تعمیر ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top