غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح و کامیابی کا دن ہے: منہاج القرآن علماء کونسل

مورخہ: 23 جون 2016ء

جنگ بدر سے انسانیت کو سلامتی اور امن ملا: علامہ امداداللہ قادری
بدر جیسا ایمان پیدا ہو جائے تو امت مسلمہ فتح و کامرانی سے ہمکنار ہو سکتی ہے: علامہ فرحت حسین شاہ
عددی اکثریت نہیں ایمان کی دولت کامیابی و کامرانی کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے: میر آصف اکبر

لاہور (23 جون 2016) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداداللہ قادری نے کہا ہے کہ غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح و کامیابی کا دن ہے۔ اس دن بڑے بڑے فرعونوں کو اوندھے منہ گرا دیا گیا۔ جنگ بدر انسانیت کو سلامتی اور امن دینے کا نقطہ آغاز ہے۔ غزوہ بدر کی اہمیت تاریخ اسلام میں مسلمہ ہے۔ جنگ بدر میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کو فتح عطا فرمائی آج بھی اگر ہم اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوجائیں تو فرشتے ہماری مدد و نصرت کیلئے آسمانوں سے اتر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس دن کو یوم فرقان یعنی حق و باطل کے درمیان فرق کرنے والے دن کے نام سے تعبیر فرمایا ہے۔ اس دن اقوام عالم کو پتہ چل گیا کہ حق کا علمبردار کون ہے اور باطل کا نقیب کون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام جامع آرائیاں میں ’’شہدائے بدر کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں جید علما، مشائخ عظام اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ جنگ بدر میں 313 مجاہدین کا ہزاروں کے لشکر پر فتح حاصل کر لینا اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور ملائکہ کی فوج کی موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صرف دو سال کے مختصر عرصے میں کفر کے بڑے بڑے فرعونوں کے سر کچلنا غیبی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر بدر جیسا ایمان پیدا ہوجائے تو امت مسلمہ پوری دنیا پر فتح و کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ ہم شہدا بدر کی روح کو عقیدت کا سلام پیش کرتے ہیں جن کی بدولت آج ہم اپنے ایمان اور دین پر استقامت سے قائم ہیں۔ یقینا عظیم ہستیوں کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنا ہوگا تاکہ امت مسلمہ ناکامیوں سے فتح حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح کا سنگ میل ثابت ہوا اور انسانوں کے ہمراہ فرشتوں نے بھی مل کر کافروں کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہاکہ غزوہ بدر کا ایمانی اور اخلاقی پیغام ہے کہ عددی اکثریت نہیں ایمان کی دولت کامیابی و کامرانی کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔ غزوہ بدر میں اللہ رب العزت نے اپنے وعدے کو سچ فرمایا کہ جو اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے راستے پر صدق دل سے آ جاتا ہے تو پھر اللہ اسکے ہاتھ، بازو بن جاتا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر شہدائے بدر اور معروف قوال امجد صابری کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top