منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل، آج 20 ہزار سے زائد لوگ اعتکاف بیٹھیں گے
تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل، ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ 16 ہزار سے زائدمرد جامع المنہاج ٹاؤن شپ اور 6 ہزار خواتین منہاج گرلز کالج میں اعتکاف بیٹھیں گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہر اعتکاف میں روزانہ نماز تراویح کے بعد معتکفین خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے شہر اعتکاف میں چار بڑی ایل ای ڈی سکرینز لگا دی گئی ہیں تاکہ معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ شہر اعتکاف کی سیکیورٹی کیلئے مختلف جگہوں پر کیمرے اور واک تھرو گیٹ نصب کر دئیے گئے ہیں۔ اندرون ملک و بیرون ملک سے ہزاروں مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔ سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے شہر اعتکاف ٹاؤن شپ میں منعقدہ 50 سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس میں انتظامات کی رپورٹ لی اور اب تک ہونے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کہ شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تا کہ معتکفین سخت گرمی اور حبس کے موسم میں سہولت کے ساتھ عبادات کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ اب تک رجسٹریشن نہ کروانے والے افراد کیلئے جگہ نہیں ہو گی۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے جامع منہاج کے صحن کے دونوں اطراف 4 فٹ قطر کے 40پنکھے شہر اعتکاف میں لگا دئیے گئے ہیں۔ خواتین کے پنڈال میں بھی 25 پنکھے لگائے گئے ہیں۔ 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے شہر اعتکاف میں میڈیکل کیمپ لگا دیا ہے جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10 ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف پہنچا دی گئی ہیں۔
تبصرہ