منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 20 ہزار افراد کی رجسٹریشن، سکیورٹی کے خصوصی انتظامات

مورخہ: 26 جون 2016ء

ہر روز نماز تراویح کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری خطاب کریں گے
خرم نواز گنڈا، فیاض وڑائچ، جواد حامد، نور اللہ صدیقی کی شہر اعتکاف میں پریس کانفرنس

لاہور (26 جون 2016) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے شہر اعتکاف بغداد ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 10روزہ اعتکاف میں روزانہ نماز تراویح کے بعد شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کریں گے۔ پاکستان بھر سے 20ہزار سے زائد معتکفین نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر ہر معتکف کے اصل شناختی کارڈ کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کی گئی ہے، اس موقع پر جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور حفیظ چودھری انکے ہمراہ تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے پریس بریفننگ دیتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کے بعد یہ سب سے بڑا شہر اعتکاف انعقاد پذیر ہوتا ہے، معتکفین مسنون اعتکاف کے دوران علمی، روحانی، تربیتی مراحل سے بھی گزرتے ہیں اور ڈاکٹر طاہر القادری کے ایمان افروز خطابات سننے کیلئے طول و عرض سے ہزاروں افراد نفلی اعتکاف کی سعادت بھی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہر اعتکاف کو 15بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے اور 500 حلقہ جات بنائے گئے ہیں۔ ہر حلقے میں معتکفین کی تعداد 40 کے قریب ہو گی اور ہر حلقے کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو سحر و افطار میں خدمات انجام دے گا۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شہر اعتکاف کے اندر پانچ سو والنٹیرز اور ڈیڑھ سو سیکیورٹی کے پروفیشنل اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ پولیس بیرونی سڑکوں پر فرائض انجام دے رہی ہے۔ تاہم شہر اعتکاف کے اندر ہم نے خود سیکیورٹی کے انتظامات کئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ 10 ڈاکٹرز 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے اور ایک فارمیسی بھی قائم کی گئی ہے جو 24 گھنٹے خدمات انجام دے گی۔ شہر اعتکاف کی خصوصی کیمروں کے ذریعے سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے۔

خرم نواز گنڈا پور نے بتایا کہ شہر اعتکا ف کے جملہ انتظامات کو انجام دینے کیلئے 50کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ معتکفین کو سحر و افطار میں معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق خوراک مہیا کرنے کیلئے بھی خصوصی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دینے کیلئے پنجاب حکومت اور متعلقہ حکام کو خط لکھا تھا جس کا جواب دینا بھی پسند نہیں کیا گیا، انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے مضمرات سے بچنے کیلئے جنریٹر کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top