سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس: چشم دید گواہوں وسیم حیدر اور احسان اللہ کا عدالت میں بیان

مورخہ: 28 جون 2016ء

ایس پی محمد ندیم اور ایس پی معروف صفدر واہلہ نے کارکنوں پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کروایا: گواہ
مزید سماعت عیدالفطر کے بعد 11 جولائی کو ہوگی، عوامی تحریک کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے

لاہور (28 جون 2016) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں پاکستان عوامی تحریک کے 2 چشم دید اور سانحہ کے زخمی گواہوں وسیم حیدر اور احسان اللہ نے گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اپنے بیانات قلمبند کروائے۔ چشم دید گواہ وسیم حیدر نے کہا کہ 17 جون 2014 ء کو ٹی وی پر بریکنگ نیوز سنی کے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ اور ادارہ منہاج القرآن کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے، ٹی وی پر دکھایا جارہا تھا کہ پولیس کارکنوں پر تشدد کررہی ہے اور توڑ پھوڑ کررہی ہے، یہ خبر سن اور دیکھ کر میں بھی دیگر کارکنان فدا حسین کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن پہنچا تو وہاں پر پولیس محاصرے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے خلاف کارکن احتجاج کررہے تھے، میں بھی اس احتجاج میں شریک ہو گیا۔ اس دوران محمد ندیم ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن، معروف صفدر واہلہ ایس پی ہیڈ کوارٹر لاہور کی معیت میں بشارت سلیم اے ایس آئی ٹیپو کمپنی اور ماجد کانسٹیبل دیگر نفری کے ہمراہ سربراہ عوامی تحریک کی رہائش گاہ پر آئے اور اسے گھیرے میں لینے کے بعد کارکنوں پر فائرنگ اور تشدد شروع کر دیا۔ ماجد کانسٹیبل نے مجھ پر آہنی ڈنڈے سے وار کیا جس سے میرے سر کے پیچھے حصے پر شدید ضربیں آئیں اور میں شدید زخمی ہو گیا۔ مجھے پولیس اہلکار زخمی حالت میں اٹھا کر لے گئے۔ وسیم حیدر نے بتایا میری آنکھوں کے سامنے پولیس والے کارکنوں پر شیلنگ اور فائرنگ کرتے رہے جس سے بڑی تعداد میں کارکن زخمی بھی ہوئے اور متعدد اموات بھی ہوئیں۔ دوسرے گواہ احسان اللہ ولد احمد دین نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہاکہ ایس پی ندیم اور معروف صفدر واہلہ نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ مجھ پر تشدد کیا۔ بشیر احمد کانسٹیبل نے ڈنڈوں اور ٹھڈوں سے ہمیں پیٹا جس سے میرے اور دیگر کارکنان کے جسم کے مختلف حصوں پر گہری ضربیں آئیں اور پھر ہمیں پولیس زخمی حالت میں اٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے گئی۔ احسان اللہ نے بتایا کہ پولیس اندھا دھند فائرنگ اور لاٹھی چارج سے خوف و ہراس پھیلاتی رہی۔ مزید سماعت عید کے بعد 11 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ عوامی تحریک کی طرف سے رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سید فرزند علی مشہدی، محمد شکیل ممکااور مستغیث جواد حامد گواہان کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top