الیکشن کمیشن غیر فعال اور آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے: پاکستان عوامی تحریک

PATنے الیکشن کمیشن کے ممبرز کے تقرر کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر دی

لاہور (2 جولائی 2016) الیکشن کمیشن غیر فعال اور آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر کی ہدایات جاری کرے اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 192 کے تحت رٹ پٹیشن دائر کی گئی ہے جس میں وزیراعظم پاکستان، لیڈر آف دی اپوزیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔ رٹ پٹیشن پاکستان عوامی تحریک کے سینئررہنما اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔ رٹ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ 10 جون 2016 ء کو الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبرز ریٹائر ہوگئے تب سے لے کر اب تک ممبرز کی آئینی پوسٹیں خالی ہیں اور ان پر تقرر نہ کر کے آئینی بحران پیدا کیا گیا۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے رٹ پٹیشن دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی آئینی پوسٹ ہے اس کا بلا تاخیر پُر ہونا آئینی تقاضہ ہے کیونکہ آئین ہمیشہ ان ایکشن ہوتا ہے کسی بھی مرحلہ پر وہ معطل یا غیر فعال نہیں ہو سکتا اس لیے آئینی پوسٹوں کا پُر اور فعال ہونا ناگزیر ہے۔ دریں اثناء اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان عوامی تحریک سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی نااہلی کے ریفرنس دائر کر رکھے ہیں اور نامکمل الیکشن کمیشن ان ریفرنسز کی سماعت سے معذوری ظاہر کررہا ہے۔ پرائیویٹ کمپلینٹ اور ریفرنسز کو نہ سنا جانا آئین اور اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ انہوں نے اپنی رٹ پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن کے ممبرز کا تقرر فی الفور عمل میں لائے جانے کیلئے عدالت ہدایات جاری کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top