چترال میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے
سیلاب سے جاں بحق افراد کیلئے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں دعا اور فاتحہ خوانی

لاہور (4 جولائی 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے چترال میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات اور جانی و مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان جو اپنی ڈیوٹی پر تھے اور انسانیت کی خدمت میں مصروف تھے انہوں نے بھی جانوں کے نذرانے دئیے۔ انہوں نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں سیلاب کی نظر ہونے والے افراد اور افواج پاکستان کے جوانوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور گم شدہ افراد کو تلاش کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور متاثرہ خاندانوں کے علاج معالجہ اور ہنگامی طور پر خوراک کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کیلئے جو امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے۔ حکمران چند لاکھ روپے دینے کا اعلان کر کے اپنی ذمہ داریوں سے عہد ہ برآ نہیں ہو سکتے۔ متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ جن گھروں کے کمانے والے سیلاب کی نظر ہو گئے ان خاندانوں میں ملازمتیں دی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ سربراہ عوامی تحریک نے منہاج ویلفیئر، منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مقامی عہدیداروں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم چترال، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقہ جات کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جلد بحالی کیلئے دعا گو ہیں۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھا اخلاق کامیاب زندگی گزارنے کی کلید ہے۔ اخلاق اور ادب کی خوبیوں کے ساتھ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک باوقار مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادب کے بغیر علم بے کار ہے۔ اولیائے اللہ عمر بھر ادب سیکھتے رہے اور ادب سیکھنے والے ہی مقام ولایت پر فائز ہوئے۔ ایک دوسرے کا احترام کرنا اور حقوق و فرائض بجا لانا ادب ہے۔ وعدہ ایفا کرنا، کسی کی دل آزاری سے بچنا اور اللہ کیلئے دوستی کرنا یہ ادب ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے شہر اعتکاف میں بزرگ کارکن ہاشم سیالوی کو سٹیج پر بلا کر انہیں مبارکباد دی، گلے سے لگایا اور ان کی تحریک کیلئے خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ہاشم سیالوی اگست 2014 ء کے انقلاب مارچ میں شریک تھے اور 30، 31 اگست کی رات اسلام آباد پولیس کی شیلنگ سے ان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی تھی۔ ہاشم سیالوی نے اس موقع پر سربراہ عوامی تحریک کو اپنے تحریر کردہ ترانوں پر مبنی کتاب بھی پیش کی۔ سربراہ عوامی تحریک نے شہر اعتکاف کے سیکرٹری جواد حامد کو اعلیٰ خدمات انجام دینے پر گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا انہیں ’’شیر منہاج‘‘ کالقب دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top