کویت: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام عبدالستار ایدھی کی یاد میں تعزیتی ریفرینس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت اور پاكستان عوامى سوسائٹى کویت کے زیراہتمام 11 جولائی 2016 کو مسجد علویہ القلاف، کویت سٹی میں مسیحائے پاکستان عبدالستار ایدھی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں عبدالستار ایدھی کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور محفلِ نعت کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کا آغاز قاسم منیر گجر نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ منہاج نعت کونسل کویت کے صدر اور حلقاتِ درود کے ناظم حاجی عبدالروف بھٹی نے حمد پیش کی، جبکہ احمد یار قادری نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری محمد ارشد گجر نے ابتدائیے میں کہا کہ بلاشبہ عبدالستار ایدھی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے تمام تر مشکلات کو عبور کرتے ہوئے معاشرتی فلاح کا تصور دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبدالستار ایدھی نے آنکھوں کا عطیہ دیکر معاشرے کو پيغام دیا ہے کہ میری آنکھوں سے دیکھو، تمہیں عوام كی کسمپرسی نظر آئے گی۔

علامہ جان علی قاسمی نے عبدالستار ایدھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدمت و احترامِ انسانیت کا جذبہ ہر تقسیم سے بلند ہے۔ اسلام کی تمام تر تعلیمات فلاح و محبتِ انسانیت پر مبنی ہیں۔

منہاج القران انٹرنیشنل کویت کے صدر حاجی عبدالرشید نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اچھا بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم زندہ مسیحاؤں کی قدر کریں، انکا بھرپور ساتھ دیں اور ان کے شانہ بشانہ چل کر انکی سوچ اور مشن کو فروغ دیں۔ بےشک مرحوم ایدھی کا انتقال ملک و ملت کیلئے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے صدر سید جعفر صمدانی نے امتِ مسلمہ کے شاندار تاریخی فلاحی پہلوؤں پہ روشنی ڈالی اور اس کے تناظر میں عبدالستار ایدھی اور ایدھی فاؤندیشن کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے مجلسِ وحدۃ المسلمین کویت کے صدر شہباز شیرازی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر عبدالرؤف بھٹى نے فاتحہ خوانی کی اور عبدالستار ایدھی کے لیے بلندئ درجات کی دعا کی۔

رپورٹ: چوہدری محمد ارشد گجر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top